لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ٹیموں نے اتوار کے روز لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرامز کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیموں نے ہائی الرٹ ہو کر سکیورٹی فرائض ادا کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں ایس پیز اور سپروائزری افسران گرجا گھروں، اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع کے ملازمین کو طبی اخراجات کیلئے 10 لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق میانوالی کے زخمی کانسٹیبل عزیز اللہ خان کو علاج معالجے کیلئے 05 لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل ندیم اختر کو طبی اخراجات کیلئے 02 لاکھ روپے دئیے گئے، اے ایس آئی محمد رفیق کو علاج معالجے کیلئے 01 لاکھ روپے دئیے گئے، زخمی کانسٹیبل محمد عرفان اور سیالکوٹ کے غازی الیاس کو بھی علاج معالجے کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے شیخوپورہ میں ہوئے والے ٹریفک حادثے میں پنجاب پولیس کے اے ایس آئی شہباز احمد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں اے ایس آئی شہباز احمد کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ میں اے ایس آئی کی زخمی ہونے والی اہلیہ اور بیٹی کی بہترین نگہداشت کا حکم دیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے بہترین میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں۔اے ایس آئی شہباز احمد کو آج صبح اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گاو¿ں سے لاہور واپسی پر تیز رفتار ٹریکٹر نے ٹکر ماری تھی، واقعہ میں۔اے ایس آئی شہباز احمد جاں بحق جبکہ اسکی اہلیہ اور بیٹی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
علماءکرام، مسیحی کمیونٹی، امن کمیٹیاں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں :آئی جی پنجاب
















