لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز نے ٹوٹل پارکو کے باہمی تعاون سے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں روڈ ٹریفک کے متاثرین کے عالمی دن کی یاد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے پاکستان کے تمام شہروں میں موٹر سائیکلوں کیلئے گلوبل لو 30 مہم کے نفاذ پر زور دیا تاکہ 2030 کے آخر تک سڑکوں پر ہونے والی اموات اور شدید زخمیوں کو 50 فیصد تک کم کرنے کیلئے عالمی روڈ سیفٹی ہدف حاصل کیا جا سکے جیسا کہ سال 2021-30 روڈ سیفٹی کیلئے دوسری دہائی کی کارروائی کیلئے اقوام متحدہ کی قرارداد منظور کی گئی ۔ ڈاکٹر رضوان نے کہا کہ روڈ سیفٹی ضروری ہے جس کیلئے ہم سب کو عالمی روڈ سیفٹی ستونوں پر مل کر کام کرنا ہوگا جس میں روڈ سیفٹی مینجمنٹ، محفوظ سڑکیں اور نقل و حرکت، محفوظ گاڑیاں، محفوظ سڑک استعمال کرنے والے اور حادثے کے بعد کا ردعمل شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پنجاب میں ہر 1.25 منٹ میں ایک حادثہ رونما ہوتا ہے اور 80 فیصد سڑک حادثات کا تعلق موٹر سائیکلوں سے ہوتا ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 19 سالوں میں مجموعی طور پر 3.8 ملین سے زائد سڑک حادثات رپورٹ ہوئے جن کے نتیجے میں 4.3 ملین افراد زخمی ہوئے۔ تقریب میں نائب صدر ٹوٹل پارکو حسن نصراللہ اور ان کے ایریا منیجرز، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے روڈ سیفٹی ایمبیسیڈرز، ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز اینڈ اکیڈمی کے افسران اور ریسکیورز کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ٹوٹل پارکو کے نائب صدر حسن نصر اللہ نے ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی تعریف کی کیونکہ انہوں نے خود بھی ایمرجنسی میں ریسکیو 1122 کی خدمات حاصل کیں اور موٹروے پولیس کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹوٹل پارکو روڈ سیفٹی کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہم ریسکیو 1122 نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس جیسی مختلف پارٹنر تنظیموں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ عام لوگوں میں روڈ سیفٹی کیلئے آگاہی پیدا کی جا سکے۔ روڈ سیفٹی کی سفیر محترمہ ثنا خورشید نے اس المناک حادثے کو شیئر کیا جس میں وہ ساری زندگی کیلئے مفلوج ہو گئیں اور وہ اپنی بہن کو ک بھی کھو بیٹھیں ۔ انہوں نے سفر کے دوران سیٹ بیلٹ پہننے کی اپیل کی اور بچانے والوں کا ”روڈ محافظ“ کے طور پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو حادثات کا بروقت ریسپانس کرتے ہیں اور ان کے فوری ردعمل کی وجہ سے لاکھوں جانیں بچائی جا رہی ہیں۔ ایک اور سڑک حادثے میں بچ جانے والے نے اپنی کہانی بیان کی اور حفاظتی بیلٹ پہننے پر زور دیا جبکہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے نمائندوں نے اپنے تجربات شیئر کیے اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل سے بچنے اور سفر کے دوران گاڑی کی اوپر کی چھت پر نہ بیٹھنے پر زور دیا۔
عالمی روڈ سیفٹی ستونوں پر ملکر کام کرنا ہوگا : ڈاکٹر رضوان نصیر
















