جدہ (نمائندہ خصوصی) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل، جواد سہراب ملک نے سعودی آجروں اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ ایگزیکٹوز کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران معاون خصوصی نے سعودی مارکیٹ اور معیشت کی ضروریات کے مطابق انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی دستیابی اور سعودی عرب میں آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانی پیشہ ور افراد کو ملازمت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک ملازمت کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور خیالات کے مضبوط تبادلہ کو یقینی بنایا جائے تا کہ سعودی عرب کی مارکیٹ میں پاکستانی افرادی قوت کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے۔ معاون خصوصی نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کے دوران کمیونٹی کودرپیش مسائل اور حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس ضمن میں معاون خصوصی نے پاکستانی کمیونٹی کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب اور دیگر ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کی حمایت کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے وزارت سمندر پار پاکستانیز کی طرف سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بالخصوص مملکت میں رہنے والوں کے مفادات کا خیال رکھنے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے جاری کوششوں کا اشتراک کیا۔ اس تقریب میں جدہ میں مقیم پاکستانی مکتبہ فکر بشمول تاجر، پیشہ ور افراد اور کاروباری افرادنے شرکت کی۔ معاون خصوصی کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور ہنر مند پاکستانی افرادی قو ت کے مزید مواقع پیدا کرنے میں اہم اقدام ثابت ہوگا۔
حکومت سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں پاکستانی کمیونٹی کی حمایت کیلئے پرعزم ہے:جواد سہراب ملک
















