لاہور میں ڈاکو راج،لوٹ مار ،پولیس تھانوں تک محدود،شہری مشرق سروے میں پھٹ پڑے

لاہور(شوکت مروت)لاہور میں جرائم کا جن بے قابو، متعدد علاقوں میں ڈاکوﺅں کا راج ، دن دیہاڑے چوری اور ڈکیتیاں ،پولیس کے اعلیٰ افسران کی تمام تر توجہ صرف خدمت مراکز تک محدود ہو کر رہ گئی۔

صوبائی دارالحکومت میں جرائم کا جن بے قابو ہوگیا، شہر کے باسی ڈاکوﺅں کے رحم و کرم پر ہیں،حکومت کی نااہلی، معاشی بحران، مہنگائی، بیروزگاری، غربت وجہ کچھ بھی ہو، سوا کروڑ سے زائد آبادی والا شہر لاہور کرائمز کا گڑھ بن گیا ہے،شب و روز ہر جانب ڈاکو راج نے عوام کوخوف و ہراس میں جکڑا ہوا ہے، پولیس ڈاکوﺅں اور چوروں کو لگام ڈالنے میں بری طرح ناکام ہے۔

تواتر سے رونما ہونے والی ریکارڈ توڑ وارداتوں نے پولیس حکام کے امن و امان کے راگ الاپنے کی قلعی کھول دی ۔

کرائمز کی وارداتوں میں ریکارڈ اضافے کے حوالے سے شہریوں نے روزنامہ مشرق کو بتایا روازنہ کی بنیاد پر لاہور شہر میں کرائمز میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے لیکن پولیس کے اعلیٰ حکام کو خدمت مراکز کے دوروں اور چیف منسٹر کی خوشامدیوں سے فرصت نہیں ملتی ، شہر میں گن پوائنٹ پر موٹر سائیکلیں اور گاڑیوں کے چوری میں اضافہ پولیس حکام کےلئے لمحہ فکریہ ہے۔

علاوہ ازیں شہر میں چور اتنا دیدہ دلیری سے وارداتیں کررہے ہیں کہ گھروں کے اندر گھس کر فیملیز کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرتے ہیں،لاہور پولیس وارداتوںپر قابو پانے کی ہرحکمت عملی میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے،خصوصا ًسٹریٹ کرائم کےلئے قانون میں سخت سزا ہونی چاہیے،سٹریٹ کرائم آسان جرم ہے،سزا نہ ہونے کی وجہ سے ملزم فائدہ اٹھا رہے ہیں۔