مرحوم موذن کی ڈیتھ گرانٹ نہ دینے والے اوقاف افسران کو اینٹی کرپشن کا بلاوا

لاہور (اپنے نمائندے سے) مرنے والے کی ڈیتھ گرانٹ نہ دینے والے اوقاف افسران کو اینٹی کرپشن کا بلاوا آگیا۔ زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد ورک ، منیجر جہانگیر اور اکاونٹنٹ عثمان شاہ 20 نومبر کو ریکارڈ سمیت انٹی کرپشن آفس حاضر ہوں۔ انٹی کرپشن کی طرف سے ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب کو لیٹر جاری۔ محکمہ اوقاف نے متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کاروائی کی بجائے پر کشش سیٹوں سے نواز رکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل محکمہ اوقاف میں ڈیتھ گرانٹ کا معاملہ منظر عام پر آیا یہ معاملہ گوجرانوالہ زون کا تھا جس میں محکمہ اوقاف کے موذن کی دوران سروس وفات ہوگئی جس پر ادارے نے انکے یتیم بچوں کو 16لاکھ روپے کی ڈیتھ گرانٹ جاری کی۔ اس وقت کے زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد ورک ، منیجر جہانگیر کدھر اور اکاو¿نٹنٹ عثمان شاہ نے ڈیتھ گرانٹ لواحقین کو دینے کی بجائے دفتری اخراجات پر خرچ کرڈالی اور یتیموں کو یہ ڈیتھ گرانٹ نہ دی اور یہ سلسلہ دوسال تک چلتا رہا۔ اسی اثنا میں زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد ورک کا تبادلہ ہوگیا پھر بعد میں منیجر جہانگیر کدھر نے بھی اپنا تبادلہ کروا لیا۔ درخواست گزار کے مطابق قانونی طور پر ڈیتھ گرانٹ کسی اور کام کےلئے خرچ نہیں کی جاسکتی لہٰذا متعلقہ افسران نے دفتری اخراجات کے نام 16 لاکھ کی ڈیتھ گرانٹ خوردبرد کرلی اور یتیموں کو نہ دی درخواست گزار نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ افسران کے اثاثوں کو بھی چیک کیا جائے انکے پاس لگژری گاڑیاں زیر استعمال ہیں جو اپنے نام کی بجائے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے نام پر کروا کر استعمال کررہے ہیں، کی بھی تحقیقات کی جائیں۔ انکے بھرتی ہونے کے وقت جو اثاثے ڈکلیئر کئے تھے کیا تھے اور اب کیا ہیں انکی بھی تحقیقات کی جائیں ۔ وزیر اوقاف کے حکم پر معطل ہونے والے منجیر کو بغیر انکوائری کے دوبار پر کشش سیٹ عنایت کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اوقاف سید اظفر علی شاہ کے نوٹس میں جب ڈیتھ گرانٹ نہ ملنے کی بات ائی تو انہوں اس ملوث سب افسران کو معطل کرنے اور پیڈا ایکٹ کی انکوائری کا حکم دیا جس پر ادارے نے منیجر جہانگیر کدھر کو معطل کردیا اور چند دن بعد جہانگیر کدھر کو دوبارہ بحال کرکے راولپنڈی لگا دیا وزیر اوقاف کے حکم پر ڈیتھ گرانٹ کا کیس تو وڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق ادارے نے وزیر اوقاف کو خوش کرنے کیلئے پریس ریلیز تو جاری کردی کہ پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری شروع کردی گئی ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا کوئی انکوائری نہیں ہوئی محکمہ اوقاف میں جزاسزا کا عمل پسند نا پسند پر کیا جانے کا انکشاف۔ ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف میں ایسے افسران بھی ہیں جن کے خلاف ایف آئی آر بنتی ہیں، انکو پرکشش عہدوں سے نوازا جاچکا ہے کئی افسران ایسے بھی ہیں جو مزارات پر کیش بکس سے چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے آج وہ پرکشش عہدوں پر فائز ہیں۔ محکمہ کے افسران کی عجیب منطق منیجروں کو زونل ایڈمنسٹریٹر لگا دیا گیا جبکہ کئی ایسے افسران ادارے میں موجود ہیں جو بطور زونل ایڈمنسٹریٹر لگنے منتظر ہیں، لیکن انکو نہیں لگایا جارہا۔