حکومت نے ملک بھر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی سخت کردی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)حکومت نے چینی شہریوں کی سکیورٹی مزید سخت کردی۔

ملک بھر میں مقیم چینی بزنس مین اور شہریوں کی سکیورٹی مزید بہتر بنانے کےلئے وزارت داخلہ میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ خوشحال خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا،چاروں صوبوں، آزاد کشمیر ،جی بی کے چیف سیکرٹری، چینی سفیر اور پاکستان میں موجود چینی سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق سی پیک پرکام کرنےوالے، چینی سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کی سکیورٹی کے ایس او پیز کو روائز کردیا گیا،چیف سیکرٹریز کو ہدایات دی گئیں بلوچستان، کے پی اور پنجاب میں خاص طور پر چینی باشندوں کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔

ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی جانب سے چینی باشندوں کو ایس او پیز پر سختی کےساتھ عملدرآمد یقینی بنانے کی درخواست کی گئی، چینی باشندے متعلقہ تھانے کو اپنی موجودگی اور آمدورفت سے لازمی طور پر آگاہ رکھیں گے، چینی باشندے اور سرمایہ کار کہیں بھی آتے جاتے وقت بلٹ پروف گاڑی لازمی استعمال کریں گے۔