پشاور، فورسز کاآپریشن،اہم کمانڈر سمیت 4دہشتگرد ہلاک،کلاچی میں جوان شہید

راولپنڈی (بیورورپورٹ)پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں آپریشن ،اہم کمانڈر سمیت 4دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں میں بدنام زمانہ دہشت گرد کمانڈر شینے بھی شامل ہے جبکہ کمانڈر سلمان عرف احمد، عمران عرف محمد اور حضرت عمر عرف خالد بھی جہنم واصل ہوئے ۔

ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات میں ملوث تھے جبکہ چاروں قانون نافذ کرنے والے ادروں کو بھی مطلوب تھے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ۔

دوسری جانب ایک اور آپریشن میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا، دہشت گردوں کےساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد لانس نائیک اعجاز خان سکنہ باغ آزاد کشمیر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کےلئے اردگرد کے علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔