بنکوں کے ونڈ فال منافع پر ٹیکس، واپڈا افسروں کی مفت بجلی ختم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)بنکوں کے ونڈ فال منافع پر 40 فیصد ٹیکس عائد، واپڈا افسروں کی مفت بجلی ختم ،حج پالیسی 2024 میں ترامیم کی منظوری ،نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیرصدارت وفاقی کابینہ نے کئی اہم فیصلے کرلیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 میں ترامیم کی منظوری دےدی ،سرکاری، نجی سکیمز کا غیراستعمال شدہ سپانسر شپ کوٹہ سعودی حکومت کو واپس ہوگا،نئی حج پالیسی کے مطابق10سال سے کم عمربچے بھی حج اداکرسکیں گے، 80 سال سے زائد افراد کیلئے خدمت گارساتھ رکھنے کی شرط میں نرمی کی جائےگی،آئندہ سال ایک لاکھ 79ہزار 210 عازمین حج پر جائیں گے ،50 فیصد سرکاری ، 50 فیصد نجی سکیم کے تحت جائیں گے۔

کابینہ نے ہارڈ شپ حج کوٹے میں کمی ،بینکوں کے ونڈ فال منافع پر 40 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی منظوری بھی دےدی،آئی ایم ایف کےساتھ بنکوں کے منافع پر 55 ارب تک کا ونڈفال ٹیکس لگانے پر اتفاق کیا گیا ،بینکوں کے ونڈ فال منافع پر ٹیکس 2021 اور سال 2022 میں زر مبادلہ کے لین دین سے حاصل منافع پر لگایا گیا، کانگو، ملاوی، زیمبیا، زمبابوے ،جمہوریہ کرغز کو بزنس ویزا فہرست میں شامل کرنے کی بھی منظوری دےدی گئی۔

نگران وفاقی کابینہ نے امپورٹ و ایکسپورٹ پالیسی آرڈرز 2022 کی شرائط میں نرمی کےلئے وزیر تجارت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دےدی ، کمیٹی میں وزیر قانون اور وزیر منصوبہ بندی بھی شامل ہوں گے،اجلاس میںبجلی فراہم کرنےوالی کمپنیوں ،واپڈا افسروں کی مفت بجلی ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، گریڈ 17 سے 22 تک کے افسروں کو مفت بجلی کی بجائے نقد رقم دی جائے گی۔