عالمی برادری غزہ میں تشدد کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے: تحفظ اقصیٰ ریلی

لاہور (اپنے نمائندے سے) اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام داتا دربار سے ناصر باغ تک ”تحفظ اقصیٰ ریلی“ نکالی گئی جس میں مختلف سنی مدارس، تنظیمات کے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں نے سے اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے تحفظ ناموس رسالت محاذ کے چیئرمین و ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں تشدد کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے، اسرائیل فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے، غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔ غزہ پر حملے میں بچے، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، غزہ کے لوگوں کو اسرائیلی جبر سے نجات دلائیں اور انہیں بین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جائے، اسرائیل کو جنگی جرائم کا مجرم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حماس، اسرائیل جنگ میں مغرب کا دہرا معیار افسوسناک ہے۔ مسلم ممالک کو نیٹو طرز پر اپنی مسلم فورس بنانی چاہئے جو کہ کفار کی جارحیت کوروک سکے۔ تحفظ ناموس رسالت کے صدر پیر رضائے مصطفی نقشبندی نے اپنے خطاب کہا کہ ہسپتالوں اور بچوں کو فوری تحفظ فراہم کیا جانا چاہئے، ہم فوری طور پر انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، اسرائیل کو غزہ میں الشفا ہسپتال کی حفاظت ہر صورت یقینی بنانا ہو گا۔ جامعہ نظامیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاوری نے اپنے خطاب کہاکہ مسلم حکمرانوں کیلئے فیصلہ کن لمحات آن پہنچے ہیں، عوام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے اسرائیل کو مظالم بند کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ ریلی سے مولانا محمدعلی نقشبندی، میاں خالد حبیب الٰہی ایڈووکٹ، علامہ عبداللہ ثاقب، علامہ عمران الحسن فاروقی، علامہ ذوالفقار احمد ہاشمی، مولانا پیر حفیظ اظہر، مفتی عمران حنفی، علامہ طاہرشہزاد سیالوی، علامہ ممتاز ربانی، مولانا راحت عطاری، مفتی نعیم جاوید نوری، مفتی انتخاب احمد نوری، علامہ احسان الحق صدیقی، سردار طاہر ڈوگر، مولانا شفقت علی یوسفی سمیت دیگر علمائے اہلسنت نے بھی شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ اسرائیل کے تمام صیہونی شہری عسکری طور پر تربیت یافتہ اور قابض فوج کا حصہ ہیں، وہ غزہ کا مکمل محاصرہ کر چکے ہیں اور جنگ کا باقاعدہ حصہ ہیں، غزہ کے بیس لاکھ سے زائد شہریوں کو اشیائ خورونوش، ادویات، بجلی گیس اور پانی سمیت تمام بنیادی ضروریاتِ زندگی کی ترسیل روک دی گئی ہے۔ بدقسمتی سے مسلمان ملک مصر، غزہ کے محاصرے میں اسرائیل کا ہاتھ بٹا رہا ہے، مغربی ممالک کے حکمران اور میڈیا دن رات ہر سطح پر اور ہر طریقے سے اسرائیل کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔ میاں خالد حبیب الٰہی ایڈووکیٹ نے کہاکہ فلسطینی بھا ئی کی مدد کیلئے جہاد والا را ستہ اپنایا جائے۔ فلسطینیوںکی حمایت، قیامت تک اسلام کی بقائ صرف جہاد فی سبیل اللہ میں ہے۔ امن اور انسانیت کے درس دینے والے فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش ہیں، پورے عالم کفر اپنے ناجائز وجود والے اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں بلکہ کھلے عام ہتھیار فراہم کئے جا رہے ہیں، آج تو انسانیت کسی کو نظر نہیں آرہی ہے، دنیا بھر میں اس وقت کوئی ملک یا طاقت اسرائیل کی دہشت و بربریت کے ستائے ہوئے ان معصوم لوگوں کی مدد پر آمادہ نہیں۔ مولانا محمد علی نقشبندی نے کہاکہ اسرائیلی مظالم پر خاموشی اختیار کرنا بزدلی ہے، اسرائیلی فضائیہ کے نہتے فلسطینیوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور کھلی دہشت گردی ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے اسرائیلی جارحیت کی سرپرستی قابل مذمت ہے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ روکنا چاہئے۔ مسلم حکمرانوں نے بھی اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی، انہیں فلسطینیوں کی مدد کی بجائے اپنی اپنی کرسیاں بچانے کی فکر ہے۔ علامہ عبداللہ ثاقب نے کہاکہ مظلوم فلسطینیوں کو جس طرح قتل کیا جا رہا ہے اور انکے گھروں کو مسمار کیا جا ریا ہے پوری امت بالخصوص حکمرانوں پر فرض ہے انکی مدد کے لئے عملی کردار ادا کریں، اقوام متحدہ اور او آئی سی مسلسل کوتاہی کے مرتکب ہو رہے ہیں، ظالمانہ جنگ کو بند کروانا ان کا فرض ہے۔ علامہ طاہر شہزاد سیالوی نے کہاکہ ا سرائیل کو انسانو ں کے حقوق اور انسانیت کو روندنے کا اختیارکس نے دیا ہے، آزادی کا خواب دیکھنا اوراسے شرمندہ تعبیرکرنے کیلئے جہد مسلسل کرنا نہتے فلسطینیوں اور معتوب کشمیریوں کا واحدگناہ ہے، دنیا بھر کے باضمیر انسان فلسطین میں جاری کشت وخون پر رنجیدہ، سوگوار اور سراپا احتجاج ہیں۔ ریلی کے اختتام پر پیر رضائے مصطفی نقشبندی نے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کےلئے خصوصی دعاکرائی۔