فیض آباد دھرنا کیس: عدالتی فیصلے پر عمل اور ذمہ داروں کے تعین کیلئے انکوائری کمیشن تشکیل

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے تین رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیدیا۔ فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے بنائے گئے انکوائری کمیشن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ آئی جی اختر علی شاہ کی سربراہی میں انکوائری کمیشن تشکیل دیا ہے، تین رکنی کمیشن میں سابق آئی جی طاہر عالم اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ خوشحال خان بھی شامل ہیں۔ انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز سمیت دیگر تفصیلات کے مطابق انکوائری کمیشن قیام کے 2 ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کریگا۔

انکوائری کمیشن ٹی ایل پی کی غیر قانونی مالی امداد کرنے والوں کی تحقیقات کریگا، کمیشن فیض آباد دھرنے کے حق میں بیان اور فتویٰ دینے والوں کیخلاف ایکشن تجویز کریگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیشن تعین کریگا کہ کوئی پبلک آفس ہولڈر قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب تو نہیں ہوا، انکوائری کمیشن فیض آباد دھرنے کے ذمہ داران کیخلاف ایکشن تجویز کریگا۔