لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک کی تمام سیاسی قیادت کو دعوت دی ہے کہ وہ غزہ کو بچانے کی جدوجہد میں شریک ہو جائیں، حکمران، سیاسی قیادت محض بیانات دینے سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ اسرائیلی جارحیت پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے، او آئی سی سربراہی اجلاس کے نتائج امت کی توقعات کے برعکس تھے، امریکہ کے خوف سے غزہ کی مدد کیلئے عملی اقدامات کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھوکر نیاز بیگ پر عوامی اجتماع اور مختلف مدارس میں دعوتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ نگران حکومت آنکھیں بند کر کے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن لے رہی ہے، نگرانوں کو پالیسی معاملات پر فیصلوں کا اختیار نہیں۔ انھوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی جہنم بنا دی، آٹا کی قیمت 150فی کلو تک پہنچ گئی، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہو گیا۔ حیران ہوں ہر حکومت نے عوام کی بجائے آئی ایم ایف کی تابعداری کی۔ ملک پر سالہاسال سے مسلط حکمران طبقات ایک اور موقع مانگ رہے ہیں، یہ سو سال بھی اقتدار میں رہے تو بہتری نہیں آئے گی۔ قوم بہتر مستقبل، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے جماعت اسلامی کو موقع دے۔ دریں اثنا ناروے سے آئے ہوئے علما اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات پر مشتمل وفد سے منصورہ میں ملاقات کے دوران امیر جماعت نے کہا کہ اسلاموفوبیا یورپ کے لیے بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، مغربی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ وہاں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے حقوق اور عقیدہ کے تحفظ کے اقدامات کریں۔ اسلامی شعائر کی توہین، خواتین کو حجاب پہننے پر نشانہ بنائے جانے پر حکومتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کریں، اس سے پونے دوارب مسلمانوں کے جذبات بری طرح مجروح ہوتے ہیں۔ مغرب و امریکا کی حکومتیں اسرائیل کے معاملے پر بھی اپنی دوہری پالیسی ترک کریں۔ انہوں نے کہا کہ اہل فلسطین کیلئے مغربی اسٹیبلشمنٹ کا تعصب پسندانہ رویہ سراسر ناانصافی اور ظلم پر مبنی ہے، جب تک ظالم کی حمایت اور ظلم بند نہیں ہو گا، انسانیت کو امن، ترقی اور خوشحالی نصیب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت اور انسانی خون کے احترام کا درس دیتا ہے، اسلام رشتوں کی قدر کی بات کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امت متحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک معاشی، سیاسی لحاظ سے عدم استحکام کا شکار ہے اور اس کی ذمہ داری سابقہ حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، جنھوں نے عوامی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ حکمرانوں کے فیصلوں کی وجہ سے ادارے کمزور ہوئے اور ملک قرضوں کی دلدل میں دھنس گیا۔ مسائل سے نکلنے کا واحد راستہ اہل اور ایمان دار قیادت ہے، قوم کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ اقتدار آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو ہی دینا ہے یا ان لوگوں کو آگے لایا جائے جنھوں نے ہر مشکل وقت میں عوام کی خدمت کی۔ انھوں نے کہا کہ آزمائی ہوئی پارٹیوں کو مزید آزمانے سے مزید تنزلی آئیگی، عوام سے اپیل ہے کہ وہ 8فروری کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواران کو ووٹ دیں۔ انھوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کی مدد کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی، لاہور میں 19نومبر کو عظیم الشان مارچ ہو گا جس میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔
او آئی سی سربراہی اجلاس کے نتائج اُمت کی توقعات کے برعکس تھے: سراج الحق



















