کراچی ،لاہور (بیورورپورٹ، ہیلتھ رپورٹر) ملک میں ایک اور پولیو کیس رپورٹ ہوگیا جس کے بعد رواں سال تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 ہوگئی،وزارت صحت کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں 31 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، متاثرہ بچے کا تعلق یونین کونسل گجرو سے ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے یونین کونسل گجرو سے رواں سال کاچوتھا کیس بھی رپورٹ ہوا تھا ۔
دوسری جانب رواں سال کی آخری قومی انسداد پولیو مہم کے شیڈول میں ردوبدل کردیا گیا ،قومی پولیو مہم 20نومبر کے بجائے پیر 13نومبر سے شروع کرنے کافیصلہ کر لیا گیا ، وزارت قومی صحت کے ذرائع نے کہا قومی انسداد پولیو مہم 2کے بجائے 3مراحل میں مکمل ہو گی، قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا فیز 13تا 17نومبر شمالی وزیرستان میں چلے گا، دوسرا فیز 20تا 24نومبر جنوبی خیبر پختونخوا کے6 اضلاع میں ہیں۔
تیسرا فیز 27نومبر تا 3دسمبر ملک بھر میں ہو گا،قومی انسداد پولیو مہم کا پہلا اور دوسرا فیز پانچ روز میں مکمل ہو گا جبکہ تیسرا مرحلہ سات روز میں مکمل ہو گا،پہلے، دوسرے فیز میں 3 روزہ پولیو مہم دو کیچ اپ ڈیز ہوں گے جبکہ تیسرے فیز میں 5 روزہ پولیو مہم، دو کیچ اپ ڈیز ہونگے،کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی، قومی انسداد پولیو مہم میں 4کروڑ 43لاکھ 55341بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہو گی، پنجاب کے 36، کے پی 36، بلوچستان 36اضلاع میں پولیو مہم ہو گی۔
پولیو کا ایک اور کیس نمودار،مہم20نومبر کی بجائے پیر سے شروع کرنے کا فیصلہ

















