لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ مسیحی عبادت گاہوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کی فول پروف سکیورٹی بھی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں جامع حکمت عملی کے تحت ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس صوبہ بھر میں مسیحی برادری، گرجا گھروں اور مسیحی تعلیمی اداروں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار آج سنٹرل پولیس آفس میں پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ کے وفد کے اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرپرسن پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ میگی ٹریمبل کی قیادت میں 7 رکنی وفد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، ایگزیکٹو سیکرٹری پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان ریفرنڈم ڈاکٹر مجید ایبل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ،ویدا جاوید و دیگر ارکان وفد میں شامل تھے۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور نے انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز پنجاب میں فنگر پرنٹ بیورو کا دورہ کیا اور فنگر پرنٹس ڈیجیٹل ڈیٹا بیس،فرانزک انویسٹی گیشن اور دیگر پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن محمد ادریس، ڈی آئی جی منتظر مہدی سمیت سینئر افسران نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فنگر پرنٹ بیورو سٹاف کو ماڈرن انوسٹی گیشن ماڈیولز کے مطابق فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں ننکانہ پولیس کے زخمی اے ایس آئی سرفراز احمد سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے دوران ڈیوٹی ٹریفک حادثے میں ٹانگ فریکچر کا شکار ہونے والے اے ایس آئی سرفراز احمد کی عیادت کی اور حادثے بارے دریافت کیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے ننکانہ پولیس کے زخمی اے ایس آئی سرفراز احمد کو گلے لگا کر حوصلہ بڑھایا، جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ اے ایس آئی سرفراز احمد گذشتہ ماہ دوران ڈیوٹی ٹریفک حادثے کا شکار ہوا اورٹانگ فریکچر ہوئی جس کا علاج جاری ہے،ڈی پی او ننکانہ صاعد عزیز نے آئی جی پنجاب کو سرفراز احمد کے علاج و بحالی بارے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سرفراز احمد کی جلد از جلد بحالی کیلئے پنجاب پولیس ویلفیئر برانچ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازیوں کی جلد از جلد بحالی محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔
مسیحی برادری، گرجا گھروں ،تعلیمی اداروں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کررہے ہیں :آئی جی پنجاب
















