اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ کرائم رپورٹر) مہلت ختم ہونے پر غیرقانونی تارکین کیخلاف ملک گیر آپریشن کا آغاز، سینکڑوں گرفتار، کیمپوں میں منتقلی شروع کردی گئی۔
وزارت داخلہ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار فارن ایکٹ 1946 کے تحت تمام صوبوں کو غیرقانونی مقیم افراد کی بے دخلی کا حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق معمولی جرائم میں زیرتفتیش اور سزا یافتہ غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو بے دخل کیا جائیگا۔ نگران حکومت نے خبردار کرتے ہوئے کہا کوئی پاکستانی غیرقانونی تارکین وطن کو پناہ دینے میں ملوث پایا گیا تو سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
مہلت ختم ہونے سے پہلے غیرقانونی مقیم افراد کیلئے مساجد سے اعلانات کرائے گئے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر میں ملک گیر کریک ڈاﺅن شروع کرکے غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے کیمپوں میں منتقلی شروع کردی گئی۔ ہولڈنگ سینٹر منتقلی کے بعد تمام غیرملکیوں کو واپس بھیجا جائےگا۔
وزارت داخلہ نے غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے انخلا کیلئے کنٹرول روم قائم کرکے رابطے کیلئے ٹیلیفون نمبر 051111367226 اور 0519211685 جاری کردئیے۔ وزارت داخلہ نے کہا بغیر دستاویز مقیم غیرملکیوں کی اطلاع درج ذیل نمبرز پر دی جائے۔
ادھر ادارہ شماریات نے ملک میں پونے 14 لاکھ غیرملکیوں کی موجودگی کی نشاندہی کردی۔ ادارہ شماریات کے مطابق سب سے زیادہ تعداد کراچی میں ایک لاکھ 64 ہزار 948 اور اسلام آباد 63 ہزار 442 غیرملکی مقیم ہیں۔
دریں اثنا پشاور ہائیکورٹ نے افغان موسیقاروں کی پاکستان بدری کے خلاف درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالشکور اور جسٹس سید ارشد علی نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا حکومت افغان مہاجر فنکاروں کو زبردستی نکال رہی ہے جو بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا کس قانون کے تحت آپکو مہاجر کی حیثیت دی جائے۔ عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ سے جواب طلب کرکے سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب افغان باشندوں کی واپسی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کا گھناونا منصوبہ بے نقاب ہوگیا، منصوبے کے تحت افغان باشندوں کےلئے قائم شدہ کیمپس یا نقل و حرکت کے دوران شرانگیزی کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق مذموم عناصر کو ایسی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کا کہا گیا جس میں افغان باشندوں کےساتھ زور زبردستی کرتے ہوئے دکھایا جائے۔ خواتین اور بچوں کو خاص طور پر تصاویر، ویڈیوز میں شامل کرنے کی ہدایات دی گئیں تاکہ پاکستان کےخلاف اچھی طرح پروپیگنڈا کےلئے استعمال کیا جاسکے۔
رپورٹ میں کہا گیا سپن بولدک افغانستان میں لاگڑیوں کےساتھ میٹنگ کی گئی جس میں چمن، سپن بولدک کے علاقے میں مسئلے پر پرتشدد احتجاجی مظاہروں سے انتشار پھیلانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا، گھناونے منصوبے کے مطابق جب افغان باشندے افغانستان جانے کےلئے پاکستانی سائیڈ پر کراسنگ پوائنٹس پر ہوں تو فائرنگ کرا دی جائے جس سے فوری انتشار پھیلایا جاسکے، مذموم و گھناونے منصوبے کا مقصد ملک دشمن عناصر کی طرف سے انتشار پھیلا کر پر امن طریقے سے چلنے والے افغان باشندوں کے انخلا کے عمل کو سبوتاژ کر کے پاکستان، افغانستان کے درمیان کشیدگی کو بڑھانا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے بہترین انتظامات کے سبب اب تک ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد افغان باشندے کسی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر واپس افغانستان جاچکے۔
مہلت ختم، غیرقانونی تارکین کیخلاف ملک گیر آپریشن شروع، سینکڑوں گرفتار،کیمپوں میں منتقلی
















