ہمیں ملکر وطن عزیز کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے: گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے لمز یونیورسٹی نیشنل انکیوبیشن سینٹر لاہور میں ”تعبیر“پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال پر ہر ذی شعور انسان رنجیدہ ہے۔ معصوم فلسطینی شہریوں کا بہیمانہ قتل دراصل انسانیت کا قتل عام ہے۔ غزہ میں شہری آبادیوں اور ہسپتالوں پر بمباری کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادتیں تکلیف دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام انسان ایک دوسرے کے ساتھ انسانیت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام دنیا کے ممالک کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر غزہ میں معصوم شہریوں، عورتوں اور چھوٹے بچوں کے قتل عام کو روکنے میں کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ تعبیر پراجیکٹ کا مقصد یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کو ہنرمند بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں انکیوبیشن سنٹر ایک بہترین اقدام ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انکیوبیشن سنٹر کا مقصد نوجوانوں کو نئے کاروبار کیلئے ضروری وسائل، رہنمائی اور مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے کاروبار کیلئے موزوں ماحول پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے بیرسٹر شہزاد شوکت کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔انہوں نے احسن بھون، اعظم نذیر تارڑ سمیت انڈیپنڈنٹ لائرز گروپ کی تمام ٹیم کو شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ منتخب اراکین وکلا برادری کی فلاح و بہبود اور آئین و قانون کی بالادستی میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں گے۔