لاہور ( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے کمشنر کو شہر میں سموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دےدیا،جسٹس شاہد کریم نے سموگ و ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت کمشنر لاہور سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے کہا آپ شہر کے مالک ہیں ، آپ کمشنر ہیں آپ نے شہر کی کیا حالت کر دی ،آپ کو شہر کی صورتحال دیکھ کر شرمندگی ہونی چاہیے،عدالت نے کمشنر لاہور کو سموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کو تاحکم ثانی سیل کردیا جائے، عدالت نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بھی بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کمشنر صاحب! آلودگی پھیلانے والوں کےخلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے۔
عدالت نے کہا سموگ پورے پنجاب میں ہے، لاہور میں انڈر پاسز پر ٹائلوں کا کام شروع کر دیا گیا،ہائیکورٹ نے انڈر پاسز کی مرمت کا کام دن کے وقت کرنے سے روکتے ہوئے انڈر پاسز کی مرمت کا کام رات 12بجے کے بعد شروع کرنے کا حکم دیا،جسٹس شاہد کریم نے کہا اگر آپ پہلے سے ہی سموگ کا دھیان نہیں رکھیں گے تو وقت آنے پر کچھ نہیں ہوگا، آپ انڈسٹریوں کے خلاف ایکشن لیں، انڈسٹری والے پولیس اور ماحولیات والوں کے ساتھ مل کر سب کر رہے ہیں ، سکولوں اور کالجوں کی اسمبلیوں میں بچوں کو آگاہ کریں، بچے چمنیوں میں سے دھواں نکلتا دیکھیں تو ہیلپ لائن پر کال کریں،معاملے پر ہیلپ لائن بنائیں، سائیکل چلانے کے رجحان کو فروغ دیں، لوگ کچھ پیسوں میں کرائے پر سائیکل لیں گے اور استعمال کریں گے، سموگ پورے لاہور کا مسئلہ ہے، صرف میرے اور آپ کے بچوں کا نہیں۔
لاہور میں سموگ ایمرجنسی نافذ،سائیکل چلانے کے رجحان کو فروغ دیں،لاہور ہائیکورٹ
















