اسلام آباد(بیورورپورٹ) تسلیم کرنا ناممکن ہے فون ٹیپنگ ریاست کے علم میں نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس کےخلاف کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
وفاقی حکومت نے عدالت کو آگاہ کیا کسی ایجنسی کو شہریوں کے فون ٹیپنگ و ریکارڈنگ کی اجازت نہیں دی،جسٹس بابر ستار نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے اور بشری کی درخواستوں پر تحریری حکم جاری کیا ،حکم نامے کے مطابق عدالت نے پوچھا شہریوں کی الیکٹرانک سرویلنس و کالز ریکارڈنگ کی صلاحیت کس ادارے کے پاس ہے؟ اٹارنی جنرل نے کہا وزیراعظم ،وفاقی کابینہ سے مشاورت کے بعد رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں گے،وزیراعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری دفاع و داخلہ اور چیئرمین پی ٹی اے نے اپنا جواب جمع کرایا، حکومتی جواب کے مطابق کسی ایجنسی کو شہریوں کے فون ٹیپنگ اور ریکارڈنگ کی اجازت نہیں دی اور شہریوں کے فون ٹیپنگ یا سرویلینس کےلئے جج سے وارنٹ لیا جا سکتا ہے۔
ہائیکورٹ نے حکم دیا وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری آئندہ سماعت پر تحریری رپورٹ جمع کرائیں، وزیراعظم آفس بتائے فون ٹیپنگ کی اجازت دی گئی؟ کسی کو اختیار دیا گیا یا وارنٹ حاصل کیے گئے؟ وفاقی حکومت کی جانب سے اگر ایسا کوئی اقدام کیا گیا تو تفصیلات جمع کرائیں،عدالت نے ہدایت کی وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری متعلقہ وزارتوں اور حساس اداروں کے سربراہوں سے معاونت لے سکتے ہیں، عدالت امید کرتی ہے وفاقی حکومت مطلوبہ معلومات کےساتھ واضح رپورٹ پیش کرے گی۔
حکم نامے میں مزید کہا گیاپاکستان کے پاس باصلاحیت و فعال نیشنل سکیورٹی انفراسٹرکچر موجود ہے، تسلیم نہیں کیا جا سکتا ریاست کے علم میں آئے بغیر کسی دشمن ایجنسی نے ملک کے اعلیٰ ترین پبلک آفس کی کالز ریکارڈ کر لیں یہ بھی نہیں مانا جا سکتا ریاست کے علم میں آئے بغیر غیر ریاستی عناصر نے وزیراعظم آفس کی کال کو ریکارڈ کیا،عدالت نے نجم الثاقب کی پارلیمانی کمیٹی اور بشریٰ کی ایف آئی اے طلبی کے نوٹسز معطل کرنے کے حکم امتناع میں 11 دسمبر تک توسیع کر دی۔
تسلیم کرنا ناممکن ہے فون ٹیپنگ ریاست کے علم میں نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ
















