اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس بابر ستا ر نے ریمارکس دئیے ہیںریاست کو اعتماد میں لئے بغیرآڈیو لیکس کرنا خوفناک فیصلہ ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاق کو جواب جمع کرانے کےلئے ایک ماہ کی مہلت دےدی۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے الیکٹرانک نگرانی کیسے ہو رہی ہے اور کون کر رہا ہے؟ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی تو کہہ رہی ہے انہوں نے کسی کو اجازت نہیں دی، وزیراعظم آفس ،سپریم کورٹ کے جج اور سابق چیف جسٹس کی فیملی کی آڈیو لیک ہوئی،ریاست پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر ایسا کرنا خوفناک فیصلہ ہے، آڈیو ٹیپ کے حوالے سے مجاز اتھارٹی کون ہے ؟ وزیراعظم آفس کی رپورٹ میں کہا گیا وہ خفیہ اداروں کے روزانہ معاملات نہیں دیکھتا۔
عدالتی معاون رضا ربانی نے تحریری جواب جمع کرتے ہوئے کہاعدالت کو خود معاملے کو نہیں دیکھنا چاہیے ، معاملہ واپس کمیٹی کو بھیجنا چاہئے تھا،اسمبلی کی تحلیل کےساتھ ہی کمیٹیز کے سارے آرڈرز غیر موثر ہو جاتے ہیں،اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا جن آڈیوز کا ذکر ہے ان پرابھی تک کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں، معلوم نہیں وہ حکومتی ایجنسی نے ریکارڈ کی ہیں یا نہیں؟ چیز واضح ہو لینے دیں آڈیوز کس نے ریکارڈ کیںجن خفیہ اداروں کے پاس صلاحیت ہے اس پران کیمرہ کارروائی میں بتا سکتے ہیں،پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے پٹیشنر کےخلاف کارروائی کا آغاز نہیں کیا جانا چاہئے تھا، پارلیمنٹ کے تحلیل ہونے کے بعد درخواست غیر موثر ہو چکی ،نمٹا دیں۔
جسٹس بابر ستار نے کہا وزیر اعظم ، کابینہ سے بات کریں ،آڈیو ٹیپنگ پر کوئی قانونی فریم ورک ہونا چاہیے، نہیں ہو سکتا دفتروں اور چیمبروں میں ہماری گفتگو بھی ریکارڈ ہو رہی ہو،آپ کو مناسب وقت دوں گا مگر قانونی دائرہ کار پر جواب جمع کرایا جائے،جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے پاکستان کی تاریخ ہے ، بینظیر بھٹو کیس سے اب تک چیزیں ریکارڈ پر ہیں اگر فون کی نگرانی کی جارہی ہے تو پتہ ہونا چاہئے ایسا کون کررہا ہے ؟ ایک لیک آڈیو پر تو ایف آئی اے تفتیش بھی کر رہا ہے، پہلے تو طے ہو جائے آڈیو کہاں سے آئی اور لیک کیسے ہوئی؟ حکومت نے آڈیو لیکس پراہم ججز پر مشتمل عدالتی کمیشن تشکیل دیا، کمیشن کے ٹی او آرز میں بھی سوال نہیں تھا آڈیوز لیک کون کرتا ہے؟،عدالت نے وفاق کو جواب جمع کرانے کےلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
ریاست کو اعتماد میں لئے بغیرآڈیو لیکس کرنا خوفناک فیصلہ ہے، جسٹس بابر ستار
















