بلوچستان میں کالعدم تنظیمیں ڈیتھ سکواڈ چلا رہی ہیں، سرفراز بگٹی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے بلوچستان میں بی ایل اے، بی ایل ایف، یو بی اے، بی آر اے اور لشکر بلوچستان جیسی کالعدم دہشتگرد تنظیمیں ڈیتھ سکواڈز چلا رہی ہیں۔

سینٹ اجلاس میںرضا ربانی کے نکتہ اعتراض پرسرفراز بگٹی نے کہادھرنا و احتجاج اختر مینگل اور پارٹی کا حق ہے لیکن انتظامیہ سے اجازت کی ضرورت ہوتی ہے، محدود مینڈیٹ کےساتھ مذاکرات کریں گے ،پارلیمان مکمل ہوجائے تو لاپتہ افراد کے معاملے پربامقصد بحث ہونی چاہیے۔

وزیر داخلہ نے کہاکالعدم دہشتگردوں تنظیموں نے 5 ہزار سے زائدعام شہریوں کو قتل کیا ،سب جانتے ہیں تنظیموں کی سرپرستی کون کرتا ہے، کالعدم دہشتگرد تنظیموں نے صدیوں سے آباد لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا ،ڈیتھ سکواڈز کےخلاف سکیورٹی فورسز آپریشن کرتی رہتی ہیں اگر سینیٹر رضا ربانی کا اشارہ کسی ایسے سکواڈ کی طرف ہے جسے ریاست کی طرف سے کوئی سہولت حاصل ہے تو میں سمجھتا ہوں مناسب بات نہیں ،آئین بڑا واضح ہے کوئی پرائیویٹ لشکر نہیں رکھ سکتا۔

سرفراز بگٹی نے کہا سیاسی نعرے بلوچستان میں بہت دیکھے ، خاص طور پر الیکشن کے قریب تو بہت زیادہ دیکھے لیکن جن لوگوں پرالزام لگتا ہے ان کےخلاف کوئی بھی ٹھوس ثبوت نہیں دیکھا ، ریڈ زون میں اراکین اسمبلی سمیت کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں ،احتجاج کرنے والوں میں سینئر سیاستدان، سابق اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں، کوئی بد سلوکی نہیں چاہتے، ساتھ مذاکرات کریں گے۔

قبل ازیں اپنے بیان میںنگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے آواران میں مسلح افواج کے 2 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا وطن عزیز کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیں گے،جوانوں نے بہادری سے لڑتے جام شہادت نوش کیا،قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دریں اثنا نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن و ریفیوجیز مارک ملر کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ،دونوں وزرا نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ،مارک ملر نے افغان مہاجرین کی کینیڈا منتقلی کی اجازت اور سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا مختلف پروازوں کے ذریعے افغان مہاجرین کی کینیڈا منتقلی کا سلسلہ جاری ہے،کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن مارک ملر نے نگران وزیر داخلہ کو کینیڈا دورے کی دعوت دی،سرفراز بگٹی نے کہا پاکستان نے کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی، قانونی طور پر مقیم مہاجرین کےخلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔