سائفر کیس:عمران نے فرد جرم چیلنج کردی ،چیئرمینپی ٹی آئی جیل میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں:خصوصی عدالت

اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر لیک کیس میں وکیل سلمان صفدر اور خالد یوسف کے ذریعے ایک درخواست دائر کی ہے جس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے،درخواست میں مدعی مقدمہ یوسف نسیم کھوکھر اور ریاست کو فریق بنایا گیا جس میں کہا گیا ہے قانون کے مطابق مقدمے کی نقول تقسیم کرنے کے سات دن بعد چارج فریم کیا جا سکتا ہے لیکن ٹرائل کورٹ نے سات دن کے قانونی تقاضے کو بھی مدنظر نہیں رکھا، ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں فرد جرم عائد کی اور ٹرائل بھی جلد بازی میں مکمل کرنا چاہتی ہے، اعلی عدلیہ کی جانب سے ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر سماعت یا جلد مکمل کرنے کی کوئی ہدایت نہیں،درخواست میں کہا گیا ہے جلد بازی میں ٹرائل آگے بڑھانے سے بنیادی آئینی حقوق متاثر ہوں گے، مرکزی ثبوت سائفر ٹیلی گراف کی عدم موجودگی میں ٹرائل آگے نہیں بڑھایا جا سکتا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کا 23 اکتوبر کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی نے ان سے کہا کہ وہ جیل میں خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں،جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے ترجمان قانونی امور نعیم پنجوتھا پیش ہوئے اور کہا آپ کے آرڈرز پرعملدرآمد نہیں ہوتا، جیل میں وکلاءکوچیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیاجاتا،جج ابوالحسنات نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹیو معاملات ہیں، جیل مینوئل کے مطابق جیل میں معاملات چلتے ہیں اگر زیادہ وکلاءکی چیئرمین پی ٹی آئی سے میٹنگز ہوں گی تومعاملات دیکھنے پڑتے ہیں،نعیم پنجوتھا نے درخواست کی کہ آپ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو جو کہیں گے، ویسا ہی وہ کریں گے، سائفرکیس سیکرٹ طریقہ کار سے چلایاجارہاہے، صحافیوں کو بھی کوریج کی اجازت نہیں، صحافیوں کو نہیں لیکن کم سے کم وکلاءکو تو جیل میں سماعت سننے کی اجازت دی جائے،جج ابوالحسنات نے کہا سائفرکیس ہے ہی سیکرٹ ایکٹ کے تحت، ہم نے تو نہیں بنایا، قانون 1923 کا ہے، مجھے صحافیوں سے سائفرکیس کی کوریج پر کوئی مسئلہ نہیں، صحافی قابل احترام ہیں،نعیم پنجوتھا نے کہا اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت بہت چھوٹا ہے،جج ابوالحسنات نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کی دیوار تڑوا دی، کمرہ بھی تڑوا دوں کیا؟ادھر القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ نیب کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں بحالی کی سماعت کرنے والا اسلام آباد ہائیکورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار نے درخواستیں بحال کرنے کی درخواست پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ نے دلائل دیے جبکہ جناح ہاو¿س حملہ کیس سمیت 7 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کےخلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی۔