اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان میں آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات پر غیر ملکی مبصرین کیلئے دعوت نامے جاری کر دئیے گئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کی شفافیت کیلئے ملکی و غیر ملکی مبصرین کیلئے اوپن ڈور پالیسی ہے، غیر ملکی مبصرین کو الیکشن کمیشن میں ایکریڈیشن کرانا لازمی ہو گا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے دعوت نامے میں کہا ہے کہ غیر ملکی مبصرین ویزے کے جلد حصول کیلئے وزارتِ خارجہ کے ”پاکستان آن لائن پورٹل“ پر کوائف جمع کرائیں، ایکریڈیشن فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی وابستگی رکھنے والوں کو ایکریڈیشن جاری نہیں کیا جائیگا، غیر ملکی مبصرین کیلئے سکیورٹی کلیئرنس لازمی قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے دعوت نامے میں کہا گہا ہے کہ غیر ملکی مبصرین انتخابی بے قاعدگیوں کی رپورٹ جمع کرائیں گے، غیر ملکی مبصرین رپورٹ میں انتخابی عمل مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز بھی دے سکتے ہیں۔
عام انتخابات کیلئے غیر ملکی مبصرین کو دعوت نامہ جاری کردیا گیا
















