اسلام آباد (بیورو رپورٹ) انتخابات کیس میں الیکشن کمیشن، وفاق کو نوٹس، جواب طلب، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواست گزار صدر سپریم کورٹ بار سے کہا 90 دن میں الیکشن والی بات ممکن نہیں، وہ بات بتائیں جو ممکن ہو۔
90 دنوں میں عام انتخابات کیس پر سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری سے استفسار کیا کیا تحریک انصاف و سپریم کورٹ بار کی درخواست ایک جیسی ہے؟ وکیل تحریک انصاف علی ظفر نے کہا جی بالکل دونوں درخواستوں میں یکساں موقف ہے۔ چیف جسٹس نے عابد زبیری سے استفسار کیا آپ نے درخواست کب دائر کی؟ عابد زبیری نے جواب دیا 16 اگست کو درخواست دائرکی، 90 دنوں میں انتخابات کا مطالبہ ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا عام انتخابات کیس تو بہت اہم مقدمہ ہے، فوری سماعت ہونی چاہئے تھی، اب تک تو کیس کا فیصلہ ہوچکا ہوتا، اہم معاملہ ہے مگر اسی دن درخواست پر نمبر کیسے لگ گیا؟ کیا آپ نے جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی؟ عابد زبیری نے جواب دیا جی جلد سماعت کی متفرق درخواست دائر کی تھی، چیف جسٹس نے کہا مجھے ابھی نوٹ ملا ہے آپ نے کوئی جلد سماعت کی درخواست نہیں دی، عابد زبیری نے جواب دیا شاید مجھ سے ہی غلطی ہوگئی۔
چیف جسٹس نے کہا سپریم کورٹ بار کے صدر کو سپریم کورٹ میں غلط بیانی نہیں کرنی چاہئے، عابد زبیری نے کہا ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کو جلد سماعت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی تھی، چیف جسٹس نے سوال کیا مردم شماری شروع اور ختم کب ہوئی؟ عابد زبیری نے جواب دیا میرے علم میں نہیں، چیف جسٹس نے کہاآپ آرٹیکل 19 کے تحت خط لکھ کر پوچھ لیتے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا یہ بھی بتائیں مردم شماری کرانے کی ضرورت کب ہوتی ہے؟ کیا مردم شماری کا تعلق براہ راست انتخابات سے ہے؟ ۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اگر آئین میں کچھ درج ہے تو حرف آخر ہوگا اس سے پہلے مردم شماری کب ہوئی تھی؟ وکیل عابد زبیری نے کہا پہلے عبوری مردم شماری 2017 میں ہوئی تھی، چیف جسٹس نے کہاعبوری مردم شماری کے بعد اب حتمی مردم شماری ہو رہی ہے؟ آپ تو پریس ریلیز دکھا کر دلائل دے رہے ہیں، حقائق بتانا وکیل کا کام ہے عدالت کا نہیں، لگتا ہے مردم شماری 18 ماہ پہلے ہی شروع ہوئی ہوگی، ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں، بتائیں مردم شماری اگر غلط ہے تو اب کیا ہوگا؟ آپ کی بات مان لیں نئی مردم شماری غلط ہے تو انتخابات اب کیسے ہوں گے؟ کیا 2017 کی مردم شماری پر انتخابات ہوں گے؟کوئی تو حل بتایا جائے،جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکیا آئین میں ایسا کچھ درج ہے ہر انتخابات سے قبل مردم شماری ہو؟ ۔
وکیل عابد زبیری نے کہا آئین میں ایسی کوئی شق نہیں ہر انتخابات سے قبل مردم شماری لازم ہے،چیف جسٹس نے کہا آئین کہتا ہے نئی مردم شماری ہونی چاہیے، بتائیں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کیسے غیرقانونی تھا؟ عابد زبیری نے کہا نگران وزرائے اعلیٰ اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتے تھے،جسٹس امین الدین خان نے کہاکیوں نہیں بتاتے آئین میں کہاں درج ہے انتخابات 90 دن کے بعد ہوں گے؟۔
چیف جسٹس نے کہانگران سیٹ اپ کی اجازت تو آئین دیتا ہے،عابد زبیری نے کہاپنجاب ،کے پی کے نگران وزرائے اعلیٰ 90 دن کے بعد غیر آئینی ہوگئے،چیف جسٹس نے عابد زبیری سے مکالمہ کرتے ہوئے سوال کیا کیا آپ2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر انتخابات چاہتے ہیں؟ہاں یا ناں؟ عابد زبیری نے جواب دیا انتخابات 90 دنوں میں ہونے چاہئیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اگر 90 دن میں انتخابات نہیں ہوئے تو آئینی شق کی خلاف ورزی تو ہوچکی، کیا سپریم کورٹ بار اب بھی اپنی درخواست پر کارروائی چاہتی ہے؟کیا آپ کو ہر صورت میں انتخابات چاہئیں؟ نئی مردم شماری میں پڑ کر تو انتخابات مزید تاخیرکا شکار ہوسکتے ہیں،چیف جسٹس نے کہاکیا 2017 کی مردم شماری میں درج تھا اس کے تحت2018 کے انتخابات ہوں گے؟ ایک چیز منسوخ ہوگئی تو ذکرکرنے کی کیا ضرورت ہے؟2017 میں فیصلہ ہوا تو مردم شماری کا عمل 6 سال بعد کیوں شروع نہ ہوا؟ کس نے مردم شماری کا آغاز تاخیر سے کیا؟ بلدیاتی انتخابات آئینی تقاضہ تھے، آپ کو اتنی تشویش تھی تو 2017 سے 2021 تک درخواست دائر کیوں نہیں کی؟ اب جب مردم شماری ہوگئی تو آپ کہہ رہے ہیں غلط ہوئی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا2017 سے 2021 تک مردم شماری کی منظوری میں 4 سال لگ گئے، 2021 کی مردم شماری کا آغاز بھی سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہوا، سیاسی فورم نہیں کہ یہاں سیاسی باتیں کی جائیں، آپ سپریم کورٹ بار کے صدر ہیں کسی سیاسی جماعت کے وکیل نہیں، مسائل اس وقت شروع ہوتے ہیں جب وکیل سیاست دان بننے کی کوشش کرتے ہیں، لوکل گورنمنٹ انتخابات کیس میں عدالت کے کہنے پر مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا تھا، گزشتہ حکومت نے مردم شماری کرانے کے فیصلے کےلئے4 سال لگا دئیے،چیف جسٹس نے کہاکیا آپ کہہ رہے ہیں الیکشن ایکٹ میں ترمیم آئین کے آرٹیکل48 سے متصادم ہے؟ الیکشن کی تاریخ کس نے دینی ہے؟۔
وکیل عابد زبیری نے کہا صدر مملکت کواستثنیٰ حاصل ہے ،چیف جسٹس نے استفسار کیا صدر مملکت کیخلاف کیا کر سکتے ہیں؟ اپنی رٹ بحال کرنے کیلئے حکم جاری کرسکتے ہیں اگر کوئی آئین کی خلاف ورزی کررہا ہے تو آرٹیکل 6 لگے گا، جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کیا آپ انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں؟ انتخابات تو ہونے ہیں،چیف جسٹس نے پوچھا صدر مملکت کو وکیل نے خط لکھا اس کا کیا جواب ملا؟ درخواست گزار منیراحمد نے کہا صدر مملکت نے کوئی جواب نہیں دیا، چیف جسٹس نے کہا آپ تو تاخیرکا ذمہ دار صدر مملکت کو ٹھہرا رہے ہیں،وکیل عابد زبیری نے کہا12 اپریل 2021 کو مشترکہ مفادات کونسل نے2017 کی مردم شماری کی منظوری دی۔
چیف جسٹس نے عابد زبیری سے استفسار کیا اس وقت کس کی حکومت تھی؟،وکیل عابد زبیری نے جواب دیا تحریک انصاف کی حکومت تھی، چیف جسٹس نے کہا پھر مردم شماری منظور ہونے میں 4 سال کیوں لگ گئے؟ آپ مردم شماری میں تاخیر کے ذمہ دار کا نام بتائیں،2017 کی مردم شماری منظور ہوئی تو کہا گیا جلد از جلد نئی مردم شماری ہو پھرکیوں نہ کرائی گئی؟ آپ آدھی سچائی کیوں بیان کرتے ہیں؟ گزشتہ حکومت نے مردم شماری نہیں کرائی، جب نئی حکومت نے کرادی تو کہتے ہیں غلط ہے، آپ نے اس وقت مردم شماری کے فیصلے کو چیلنج کیوں نہیں کیا؟ اردو میں کہتے ہیں دیر آئے درست آئے مگر آپ کہتے ہیں غلط ہے، مردم شماری کرانا مشکل کام ہے، منظوری کےلئے تو فون کرکے صرف وزرائے اعلیٰ کوبلانا ہوتا ہے، آپ کہتے ہیں 2023 کی مردم شماری منظور کرنے والے 2 ممبر نہیں تھے، 2017 کی مردم شماری میں بھی سندھ نے خلاف ووٹ دیا تھا یا تو آپ کہہ دیں الیکشن ہی نہیں چاہتے۔
جسٹس اطہرمن اللہ نے کہامردم شماری آئینی ضرورت ہے تو انتخابات کا التوا سمجھ میں آتا ہے،چیف جسٹس نے کہادرخواست گزار منیر احمد نے بھی جلد سماعت کی درخواست نہیں دی، میڈیا پر انتخابات کیس پر لمبی لمبی بحث ہوتی ہے، کیس لگائیں تو الزام، کیس نہ لگائیں تو بھی الزام، ایسا مقدمہ ہے جو ہر صورت لگنا چاہیے تھا، وکلا کے پاس مقدمے کی فائل ہی نہیں ، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ فیصلے کے بعد اہم مقدمات لگانا شروع کردئیے، میڈیا پر لمبی لمبی تقریریں اور کمرہ عدالت میں وکیل کے پاس کچھ نہیں ہوتا اگر تاخیر کرنا ہوتی تو فوجی عدالتوں کے کیس میں نیا بنچ بنا دیتے، میڈیا انگلی اٹھائے اگر غلطی پرہیں،جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا آپ اپنا مقدمہ صرف 90 دن میں انتخابات تک رکھیں،چیف جسٹس نے کہا90 دنوں والی بات ممکن نہیں وہ بات بتائیں جو ممکن ہو، آپ کا سارا مقدمہ ہی صدر مملکت کے اختیارات کا ہے اگر تاریخ دینا صدر کا اختیار ہے تو پھر تاخیر کا ذمہ دارکون ہے؟ آئینی کام میں تاخیر کے نتائج ہوں گے۔
درخواست گزار کے وکیل انور منصور نے کہا صدر مملکت کے خط کے بعد تاریخ دینا الیکشن کمیشن کاکام تھا،چیف جسٹس نے کہا کیا صدر مملکت نے آئینی مینڈیٹ کی خلاف ورزی کی؟ آپ ایک وقت میں 2 مختلف دلائل نہیں دے سکتے، آرٹیکل 48 پر انحصارکریں یا الیکشن ایکٹ کے سیکشن 57 پر؟ جس دستاویز کا حوالہ دیا جا رہا ہے اس میں صدر خود رائے مانگ رہے ہیں، کیا سپریم کورٹ ایک ٹوئٹ پر فیصلے دے؟ ٹوئٹ میں صدرمملکت اپنے آئینی اختیارات کی بات نہیں کر رہے۔
چیف جسٹس نے انور منصور سے کہا آپ ایسے صدر کے اٹارنی جنرل بھی رہ چکے ہیں، بہت اخلاق والے صدر ہیں، آپ فون بھی کرتے تو آپ کو بتا دیتے، انور منصور صاحب آپ رابطہ کرتے تو صدر آپ کو ضرور خط دیتے، عدالت ٹوئٹس پر نہیں بلکہ دستاویز پرچلے گی اگر خط مان لیں تو صدر نے 6 نومبر کی تاریخ دیکر خود خلاف ورزی کی، عابد زبیری کے مطابق انتخابات 90 روزکے اندر 3 نومبرتک ہونے چاہئیں تھے،وکیل عابد زبیری نے کہا مائی لارڈ غلطی ہو گئی ، تاریخ 6 نومبر ہی بنتی ہے ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ تیسری بار غلطی کر رہے ہیں،جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا وضاحت کریں تاخیر پر نتائج کا سامنا کسے کرنا چاہیے؟ صدر مملکت نے کون سی اور کب تاریخ دی؟،چیف جسٹس نے کہاصدر سپریم کورٹ بار کے مطابق 3 نومبر کو انتخابات ہونے چاہئیں، صدر مملکت نے جب تاریخ دے دی تو پھر خود خلاف ورزی کردی،جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل درخواست گزار سے کہا آپ اپنے دلائل آرٹیکل 224 تک محدود رکھیں، الگ بات ہے تاخیر کا ذمہ دار کون ہے۔
انورمنصور نے کہا ذمہ داروں کے تعین کی بات نہیں کر رہے، انتخابات چاہتے ہیں،جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا لگتا ہے انور منصور صاحب نے اپنی درخواست خود نہیں لکھی، آپ انتخابات کے معاملے کو کنفیوژ کر رہے ہیں، عدالت میں ایسی باتیں نہ کی جائیں جن کو پھر ثابت نہ کیا جاسکے،چیف جسٹس کے استفسار پر وکیل عابد زبیری نے کہا ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس تاریخ دینے کا اختیار ہے، آئین کے مطابق صدر مملکت نے تاریخ دینا ہوتی ہے،چیف جسٹس نے کہا آپ پھربات کو گھما رہے ہیں،صدر کے پاس اختیار تھا تو تاریخ کیوں نہیں دی؟ کوئی تو ذمہ دار ہے،کیا آپ صدرمملکت کےخلاف کارروائی چاہتے ہیں؟۔
صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے کہا 90 دنوں میں انتخابات کرانا آئینی مینڈیٹ ہے،چیف جسٹس نے کہا 90 دنوں میں انتخابات کی تاخیر کس نے کی اس پرآپ انگلی نہیں اٹھاتے؟ آپ کہتے ہیں صدر مملکت نے تاریخ دینا تھی، آپ کہہ رہے ہیں تاریخ دینے کا اختیار صدر مملکت کا ہے، اس کا مطلب ہے آپ الیکشن ایکٹ کی سیکشن57 کو چیلنج نہیں کر رہے اگر صرف انتخابات کی بات کریں تو فیصلہ کرسکتے ہیں اگر آپ آئینی تشریح کی بات کریں گے تو 5 رکنی بنچ بنانا پڑےگا، دنیا کے سارے مسائل درخواست میں نہ لائیں، صرف انتخابات کی بات ہے تو ابھی نوٹس کردیتے ہیں، ایک سوال ہے انتخابات کا اعلان کون کرسکتا ہے؟ دوسرا سوال ہے کیا اس وقت 90 دنوں میں الیکشن ہوسکتے ہیں؟۔
وکیل تحریک انصاف علی ظفر نے کہاکیس 90 دنوں میں انتخابات کا ہے، آرٹیکل 48 صدر مملکت کو الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار دیتا ہے، 90 دنوں میں انتخابات کے آئینی مینڈیٹ کو کوئی تبدیل نہیں کرسکتا، صدر مملکت تاریخ نہیں دیں گے تو پھر تاریخ کون دے گا؟،چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا پوری بات بتائیں، کیا صدرمملکت نے تاریخ دی؟ تحریک انصاف نے درخواست کس کے توسط سے دائرکی؟،علی ظفرنے کہا عمر ایوب کے ذریعے درخواست دائرکی گئی۔
چیف جسٹس کے استفسار پر علی ظفر نے بتایا دیگر رہنماوں کی طرح عمر ایوب بھی روپوش ہیں،چیف جسٹس نے پوچھا عمر ایوب کے دادا کون تھے؟ وکیل علی ظفر نے جواب دیا عمر ایوب، ایوب خان کے پوتے ہیں، چیف جسٹس نے کہا کیا ایوب خان آمر تھے یا جمہوری رہنما ، ایوب خان نے اپنے دور میں انتخابات کرائے تھے یا نہیں؟ ایوب خان نے 1956 کے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسمبلی تحلیل کی تھی،کیا عمرایوب اپنے دادا کے اقدام کی مذمت کریں گے یا جمہوری ہوچکے ہیں؟ چلیں ابھی باتوں کو رہنے دیں، بعد میں کبھی پوچھیں گے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کیا الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیں؟ وکلا نے کہا جی بالکل الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیں، سپریم کورٹ نے کیس میں الیکشن کمیشن ،وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیا،وکیل علی ظفر نے کہا نظریہ ضرورت کے تحت انتخابات وقت پرکرانے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔
جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا علی ظفر صاحب کی بات سے اتفاق نہیں، نظریہ ضرورت کچھ نہیں ہوتا جس جس نے آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی نتائج کا سامنا کرنا چاہیے،چیف جسٹس نے کہا الیکشن کمیشن کو بلائیں یا پھر صدرمملکت کو؟ صدرکو تو بلا نہیں سکتے، درخواست گزاروں کے مطابق الیکشن کمیشن نے مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں شروع کردیں، بتایا گیا حلقہ بندیوں کا عمل 14 دسمبر تک مکمل ہوگا، درخواست گزار مردم شماری کے عمل، منظوری اورحلقہ بندیوں کے عمل سے مطمئن نہیں ، درخواست گزاروں کا کہنا ہے سارا عمل انتخابات کی تاخیر کا بہانہ ہے، الیکشن 90 دنوں میں کرانا آئینی تقاضہ ہے،درخواست گزاروں کے مطابق حلقہ بندیوں و مردم شماری کے بعد 90 دنوں میں الیکشن ممکن نہیں،سپریم کورٹ نے درخواست گزاوں کی لارجر بنچ نہ بنانے کی استدعا منظور کرلی اور کیس کی مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی۔
90 دن میں الیکشن ممکن نہیں: چیف جسٹس
















