انسداد بجلی چوری مہم، مزید درجنوں ملزمان گرفتار، سینکڑوں کیخلاف مقدمات

لاہور(خبرنگار)وفاقی حکومت کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران گزشتہ24گھنٹوں میں درجنوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سینکڑوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 234کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،233بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے155 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 23 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل، 2 زرعی، 1انڈسٹریل اور220 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو307,527 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 13,593,234 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دوسری طرف لیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم سے متعلق سرکلز کی کارکردگی بارے رپورٹ جاری کردی گئی ہے ، ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری ہونیوالی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بجلی چور سنٹرل سرکل میں پکڑے گئے ، سنٹرل سرکل میں پکڑے جانیوالے ملزمان کی تعداد 4383 ہے، جن میں سے 4300 کے خلاف مقدمہ درج کروا کر 896 کو گرفتار کرلیا گیا ہے، نارتھ سرکل میں 3921 بجلی چور پکڑے گئے جن میں سے 3798 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوئے جبکہ 790 کو گرفتار کرلیا گیا، قصور سرکل میں 3501 ملزمان کو پکڑ کر 3357مقدمات درج کروائے گئے جبکہ 1567افراد کو گرفتار کیا گیا ، ساو¿تھ سرکل میں 2015 ملزمان بجلی چوری کرتے پکڑے گئے جن میں سے 1998 کے خلاف مقدمات درج ہوئے جبکہ 616کو گرفتار کیا گیا ، شیخوپورہ سرکل میں 1908بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 1646کے خلاف مقدمات درج ہوئے ، 507 کو گرفتار کیا گیا، اوکاڑہ سرکل میں 1799بجلی چوری کرتے پکڑے گئے جن میں سے 1724کے خلاف مقدمات درج کرواکر 1098 کو گرفتار کرلیا گیا، ایسٹرن سرکل میں 1720افراد بجلی چور نکلے جن میں سے 1634کے خلاف مقدمات درج ہوئے جبکہ 610 کو حراست میں لیا گیااور ننکانہ سرکل میں 858 ملزمان کو بجلی چوری کرتے پکڑا گیاجن میں سے 827 کے خلاف مقدمات درج کروا کر 600 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔