نوے روز میں انتخابات کیس: غلط بیانی پر چیف جسٹس صدر سپریم کورٹ بار پر برہم

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے غلط حقائق بتانے پر سپریم کورٹ بار کے صدر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپکو غلط بیانی نہیں کرنی چاہیے۔ سپریم کورٹ میں 90 دنوں میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کر رہا ہے، بنچ میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل بیرسٹرعلی ظفر ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی آئی کی درخواست پر تو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف اپیل ہے، یہ اپیل تو چیمبرمیں لگتی ہے، کھلی عدالت میں کیسے لگی؟ عابد زبیری صاحب آپ اپنی درخواست میں کیا مانگ رہے ہیں، آپ نے درخواست کب دائر کی اپنی استدعا پر آئیں۔

وکیل عابد زبیری نے عدالت کے سامنے اپنی درخواست پڑھی۔ پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ رجسٹرار نے آئینی درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا، ایک درخواست گزار نے کہا کہ میری اپیلیں کیوں مقرر نہیں ہوئیں اس کا علم نہیں، عباد الرحمان لودھی نے بھی عدالت کو بتایا کہ میری درخواست پربھی اعتراضات لگے ہیں، چیمبر میں سماعت نہیں ہوئی۔