راولپنڈی (مشرق نیوز) سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران فرد جرم عائد کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
عدالت نے فرد جرم روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی، عدالت کا کہنا تھا کہ آج کی تاریخ فرد جرم کیلئے رکھی تھی، فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔ اسکے ساتھ ہی عدالت نے کیس کے گواہان کے بیانات 27 اکتوبر کو طلب کرلئے،بعدازاں سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
اس سے قبل 17 اکتوبر کو فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم اس وقت تحریک انصاف کے وکلا کی جانب سے چالان کی کاپیاں فراہم نہ کرنے کا اعتراض اٹھایا گیا تھا، پی ٹی آئی کے اعتراض کے بعد فردِ جرم کی تاریخ آج مقرر کی گئی تھی۔ اس موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔
سائفرکیس: عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فردجرم عائد
















