اسلام آباد، لاہور (رپورٹنگ ٹیم) سابق وزیراعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف کی خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے 4 سال بعد وطن واپسی، پرتپاک استقبال، مینار پاکستان پر تاریخ ساز جلسہ، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے ہزاروں کارکن بڑے قافلوں، ٹرینوں میں جلسہ گاہ پہنچے اور اپنے قائد سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
منتظمین کی جانب سے پنڈال میں لگائی کرسیوں کےساتھ کارکنوں کے لہرانے کےلئے قومی و پارٹی پرچم باندھے گئے، کشمیر و فلسطین کے پرچم بھی لہرا ئے گئے، سٹیج پر ملکی ثقافت کے سارے رنگ نمایاں رہے، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے فنکاروں نے روایتی رقص پیش کیا، 2 سیسنا طیاروں کے ذریعے پنڈال میں موجود شرکاءو شہر کے دیگر مقامات پر گل پاشی کی گئی، ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضا سے سکیورٹی کا جائزہ لیا جاتا رہا، پارٹی رہنما اپنی قیادت میں آنےوالے قافلوں کی ویڈیوز و تصاویر بنا کر پارٹی ذمہ داروں کو بھجواتے رہے۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم نوازشریف کا خصوصی طیارہ ”امید پاکستان“ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ کیا، سابق وزیراعظم کا طیارہ FZ4525 بندر عباس کے راستے ایران سے ہوتا ہوا پنجگورکے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا۔ اسلام آباد کے ایئر ریڈار میں داخل ہونے پر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو خوش آمدید کہا اور لینڈنگ کیلئے گرین سگنل دیا۔
اسلا م آباد پہنچنے پرلیگی رہنماﺅں نے پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کے ہار پہنائے، امیگریشن کا عمل مکمل کرکے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہر لگائی گئی، ائرپورٹ کے سٹیٹ لاونج میں نوازشریف کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی، قانونی ٹیم نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کےخلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کرائے۔
بعدازاںسابق وزیراعظم نوازشریف شام 5 بجے بعد لاہور پہنچے پھر مینار پاکستان جلسہ گاہ لے جایا گیا، پنڈال پہنچتے ہی جلسہ گاہ ”آئی لو یو“ نوازشریف، وزیراعظم نوازشریف کے نعروں سے گونج اٹھا،نوازشریف نے سٹیج پر پہنچتے ہی مریم نواز، شہبازشریف کو گلے لگایا اور ہاتھ ہلاکر کارکنوں کے نعروں کاجواب دیا۔
نوازشریف کی خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے 4 سال بعد وطن واپسی، پرتپاک استقبال
















