اسلام آباد (مشرق نیوز) سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا بیانیہ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور بدحالی پر قابو پانا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ لاہور جلسہ گاہ میں تو 2 روز سے ہی رونق نظر آ رہی ہے، میری 35 سال کے سیاسی کیریئر کا یہ بہت بڑا جلسہ ہو گا۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے بعد بھی آج پیپلز پارٹی زندہ ہے، بھٹو کو پھانسی لگانے والوں کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو جلا وطن کرنے والے پرویز مشرف کو لوگ بھول چکے ہیں، نواز شریف کا استقبال آج بھی ہو رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک شخص نے ملکی سالمیت کو للکارا جبکہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کے بعد مسلم لیگ (ن) کا قافلہ خواجہ آصف کی قیادت میں سیالکوٹ سے لاہور روانہ ہو گیا۔
نواز شریف کا بیانیہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بدحالی پر قابو پانا ہے: خواجہ آصف
















