پشاور(بیورورپورٹ)پشا و ر ہائیکورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل قانون پر جواب طلب کرلیا۔
آرمی ایکٹ و آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترامیم کےخلاف دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس عبدالشکور اور جسٹس سید ارشد علی کے روبرو سماعت ہوئی، درخواست گزار وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ نے کہا آرمی کورٹ میں سویلین کا ٹرائل نہیں ہوسکتا ،ترامیم پر صدر نے دستخط نہیں کیے، صدر کے دستخط کے بغیر قانون نہیں بن سکتا۔
جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا صدر نے دستخط نہیں کیے تو پھر بل واپس کرنا تھا؟ جسٹس عبدالشکور نے کہا ملٹری کورٹ میں ٹرائل اسی قانون کے تحت شروع کیے گئے ؟،جسٹس سید ارشد علی نے درخواست گزار وکیل سے مزید پوچھا آرمی ،آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں کیا ترامیم ہوئیں ؟ درخواست گزار وکیل قاضی انور نے کہا عدالت تھوڑا وقت دے، تفصیل کےساتھ دلائل دیں گے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثنانے کہا آرمی و آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں سویلین ٹرائل پہلے سے موجود ہے، عدالت نے بیان پر وزارت قانون سے جواب طلب کرکے سماعت ملتوی کردی۔
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل قانون پر جواب طلب
















