اسلام آباد (بیورو رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم، سپریم کورٹ نے بجلی کی ترسیلی کمپنیوں کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ وصول کرنے کا حکم دےدیا۔
عدالت عظمیٰ میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیس پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کیا نیپرا فیصلے کو کہیں چیلنج کیا جاسکتا ہے؟ وکیل نے کہا نیپرا فیصلے کےخلاف نظرثانی و ٹریبونل اپیل کا فورم موجود ہے لیکن درخواست گزاروں نے عدالت آنے سے پہلے فورم استعمال نہیں کئے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا ہائیکورٹ نے نیپرا فیصلے پر نظرثانی کا اختیار استعمال کیا؟ نیپرا میں پالیسی فیصلے ایکسپرٹ کرتے ہیں، کیا کوئی عدالت ایکسپرٹ فیصلے کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے؟ لاہور ہائیکورٹ میں کیس قابل سماعت تھا یا نہیں مطمئن کریں، مطمئن کردیں تو کیس میرٹس پر نہیں جائیں گے، سپریم کورٹ سمیت کوئی بھی عدالت نیپرا کے تکنیکی معاملات نہیں دیکھ سکتی۔
وکیل نے کہا لاہور ہائیکورٹ کے سامنے معاملہ تھا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیا ہے، ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے اختیار سے باہر جا کر فیصلہ دیا، فیصلے میں کہا 500 یونٹ سے زائد پر ہی چارجزوصول کئے جائیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا لاہور ہائیکورٹ کے سامنے درخواست ہی نہیں توفیصلہ کیسے دیا گیا؟ ہائیکورٹ کے فیصلے میں 500 یونٹ کی حد کس بنیاد پر مقرر کی گئی؟ وکیل کمپنیز نے کہا مئی 2022 میں جب فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ لگایا گیا تب نیپرا کی تشکیل غیرآئینی تھی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا اگر نیپرا کی تشکیل غیرآئینی ہے تو جج کو اس پر فیصلہ دینا چاہئے تھا، لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے اپنے اختیار سے باہر نکل کر فیصلہ دیا جس کو برقرار رکھنا ممکن نہیں۔ ہائیکورٹ کے ججز آرٹیکل 199 پڑھنا بھول جاتے ہیں، کیا ہائیکورٹ کا جج کہہ سکتا ہے 500 یونٹ بجلی استعمال پر بل یہ ہو گا؟۔
ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے وکیل نے کہا لاہور ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس کئے بغیر فیصلہ سنایا، ہائیکورٹ کے ایک اور جج نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ درخواستیں خارج کی تھیں، ہائیکورٹ نے کہا نیپرا فورم مکمل نہ ہو تو ایڈجسٹمنٹ سمیت کوئی فیصلہ نہیں کرسکتا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کیا ہے؟ وکیل نے کہا لاہور ہائیکورٹ نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق غیرقانونی قرار دیا اور کہا صارف کی گنجائش سے زیادہ اضافی چارجز بل میں شامل نہیں کئے جاسکتے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اس طرح تو آپ کہیں گے میری بجلی کا بل دینے کی کوئی گنجائش ہی نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے وہ فیصلہ دیا جس کی درخواستوں میں استدعا ہی نہیں کی گئی تھی، بہتر ہوگا تکنیکی معاملات نیپرا کے سامنے ہی اٹھائے جائیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا نیپرا اور ڈسکوز کو ٹربیونل میں معاملہ چیلنج کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔
بعدازاں سپریم کورٹ کے 3 رکنی نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ غیرقانونی قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ نیپرا ایپلیٹ ٹریبونل کو بھیج دیا اور بجلی کی ترسیلی کمپنیوں کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ وصول کرنے کا حکم دےدیا۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آئینی و قانونی طور پر قابل عمل نہیں، صارف کمپنیاں 15 دن میں نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیلیں دائر کریں اور اپیلیٹ ٹریبونل کمپنیز کی اپیلیں 10 دن میں سماعت کیلئے مقرر کرے۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں مزید کہا نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل جلد از جلد قانونی میعاد کے اندر اپیلوں پر فیصلہ کرے، کمپنیز و صنعتوں سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد واجب الادا رقم نیپرا اپیلیٹ ٹریبونل کے فیصلے سے مشروط ہوگی، چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ایک ہزار90 درخواستیں نمٹا دیں۔
لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم، ترسیلی کمپنیاں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ وصول کریں، سپریم کورٹ
















