نواز کو قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑےگا،مغل بادشاہ کی طرح عمران کی رہائی کا حکم نہیں دے سکتا، وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نوازشریف کی وطن واپسی میں ڈیل کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے حکومت کسی ڈیل کا حصہ کیونکر ہوگی، نوازشریف عدالتی فیصلے کے تحت ملک سے باہر گئے، وطن واپسی پر کئی قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑےگا، مغل بادشاہ کی طرح عمران خان کی رہائی کا حکم نہیں دے سکتا، جنوری میں الیکشن کیلئے مطمئن ہوں، (ن) لیگ سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے کوئی نرم گوشہ نہیں۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو دئیے گئے انٹرویو میں نگران وزیراعظم نے کہا نوازشریف جب عدالتی فیصلے کے تحت ملک سے باہر گئے تو عمران حکومت تھی، نگران سیٹ اَپ تھا نہ ہی پی ڈی ایم جماعتوں کی حکومت، نگران حکومت کسی ڈیل کا حصہ کیونکر ہوگی، نگراں وزیراعظم بننے سے قبل میری مریم نواز، بلاول بھٹو، فضل الرحمن، آصف زرداری اور 9 مئی واقعات سے قبل عمران خان سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، کوئی بیوروکریٹ نہیں بلکہ رکن پارلیمنٹ تھا، مستعفی ہو کر منصب سنبھالا، کونسی سیاسی جماعت یا کونسے لوگ ہوں گے جو مجھ سے ملاقاتیں نہیں کرتے ہوں گے لہٰذا کسی ایک ملاقات کو ایک جماعت سے جوڑ دینا انصاف پر مبنی نہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان ترقی پذیر جمہوریت ہے، آئینی انصرام موجود، عدالتی طریقہ کار کی اپنی اہمیت ہے، عمران خان سمیت کسی بھی سیاسی شخصیت پر کوئی بھی فیصلہ عدالتی عمل کے نتیجے میں ہوگا اگر عدالتی عمل کے نتیجے میں عمران خان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ملتی ہے تو حصہ لیں گے اگر نہیں تو میں کیسے پابندی کو ختم کرسکتا ہوں،مغل بادشاہ کی طرح عمران خان کی رہائی کا حکم نہیں دے سکتا، آصف زرداری ہوں، نوازشریف یا چیئرمین پی ٹی آئی سب کو اپنے مقدمات کیلئے قانونی حل تلاش کرنا ہوں گے۔


نگران وزیراعظم نے کہاجنوری میں انتخابات کیلئے بہت مطمئن ہوں، الیکشن کمیشن اپنی مشق بہت حدتک پوری کرچکا، مشقوں میں حلقہ بندیاں اور جڑے معاملات ہیں، مالی ضروریات کےلئے الیکشن کمیشن کے وزارت خزانہ کےساتھ مذاکرات چل رہے ہیں، تاریخ کا اعلان ہوتے ہی انتخابات ہوجائیں گے، ووٹنگ کی شرح کم نہیں ہونی چاہئے کیونکہ جمہوریت کا تقاضا ہے زیادہ سے زیادہ لوگ فیصلہ سازی کے عمل میں شریک ہوں، موسم عامل ضرور ہوتا ہے لیکن ملک کے زیادہ آبادی والے خطوں سندھ و پنجاب میں موسم کے اثرات اس نوعیت کے نہیں ہوتے ہاں البتہ خیبر پختونخوا، بلوچستان کے کچھ علاقوں میں موسم کے تھوڑے اثرات ہوسکتے ہیں، الیکشن کمیشن آئین میں متعین اپنی حدود کے حساب سے ہی کوئی فیصلہ کریگا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاکسی بھی قسم کے مہاجرین کو نہیں نکال رہے بلکہ صرف غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو نکال رہے ہیں،پاکستان بھارت کے تعلقات میں آر ایس ایس کی سوچ اور مسئلہ کشمیر حائل ہے، سمجھتا ہوں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آنی چاہیے لیکن حقیقت پسندانہ طور پر دیکھا جائے تو فی الحال کوئی امکانات دکھائی نہیں دیتے، بھارت جنوبی ایشیا میں اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے، بھارت میں مسلمانوں، سکھوں و دیگر اقلیتوں کےلئے زندگی اجیرن بنا دی گئی۔

اسرائیل کو تسلیم کرنے کے امکان کے سوال پر وزیراعظم نے کہا کوئی سوچ بچار نہیں ہورہی، اسرائیل غاصب ریاست تھی اور ہے، فلسطینیوں کے حقوق اورفلسطینی مہاجرین کی اپنی زمینوں پر واپسی کے حامی ہیں، معیشت کی بہتری کےلئے کئے جانےوالے اقدامات کے دوررس اثرات ہوں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام قانون سازی کے نتیجے میں عمل میں آیا، پلیٹ فار م سے بڑے معاشی فیصلے ہو رہے ہیں،ڈالر کے ریٹ کا نیچے جانا پہلے بھی ہوا 40 یا 45 روپے کی ایک دم سے کمی پہلی مرتبہ ہوئی، عام لوگوں، میڈیا اور کاروباری طبقے نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے فوائد کو دیکھ لیا، کونسل کاجاری رہنا ضروری ہو گا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں فوج معاون کردار ادا کررہی ہے، بلوچستان میں سکیورٹی ،گورننس کے چیلنجز ہےں، گورننس پر بات کریں تو صوبہ کہتا ہے وسائل محدود ہیں، وسائل کم ہونا ایک پہلو ہے، وسائل کی بے انتظامی زیادہ بڑا مسئلہ ہے،چوری الگ ہورہی ہے اور مالی بدانتظامی بھی ہے، دونوں پہلووں پر توجہ ہوگی تو گورننس کا مسئلہ حل ہوجائےگا۔ وزیراعظم نے کہا آئین سے قطعاً اختلاف نہیں، آئین کی تاریخ پر دنیا میں علمی بحث چل رہی ہے۔

دریں اثنا نگران وزیراعظم انوار الحق سے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے وفد نے صدر ارشاد عارف کی قیادت میں ملاقات کی اور اخبارات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی اخبارات کو درپیش تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا ریاست کےخلاف منفی پروپیگنڈے کی منظم مہم چلائی جاتی ہے، معاشرے میں مثبت بحث و مباحثے اور تنوع و اختلاف رائے پر مبنی گفتگو سننے کے ماحول کو فروغ دینا ہوگا، اخبارات کا کلیدی کردار ہے،وزیراعظم نے کہا میرے دورہ امریکہ پرجھوٹی خبروں اور بیجا تنقید کی منظم مہم چلائی گئی، امریکہ میں موسمیاتی تبدیلی پرپاکستان کے کیس کو مو¿ثر انداز میں پیش کیا،ایم ڈی عالمی مالیاتی ادارے نے سمگلنگ، ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت کو روکنے کے حکومتی اقدامات کو سراہا، قلیل مدت میں سمگلنگ ،ڈالر پر سٹے بازی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے، روپے کی ڈالر کے مقابلے میں بڑھتی قدر مہم کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے کہاپٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا رہا، بجلی چوری کو روکنے کیلئے ملک بھر میں اقدامات کئے جار ہے ہیں، اپنے تئیں پوری کوشش کر رہا ہوں مختصر مدت میں ایسے اقدامات اٹھاوں جس سے اپنی تجارت کی استعداد کو بروئے کار لا سکیں، آئندہ دورہ چین میں پاک، چین سٹرٹیجک تعلقات، دوطرفہ تجارت، سی پیک اور سیاحت کے فروغ پر بات ہوگی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاخسارے کا شکار سرکاری اداروں (SOEs) کی نجکاری کا عمل تیز اور شفاف بنا رہے ہیں،ملکی خزانے کو ہونے والا نقصان کم ہوگا،افغانی بھائی ہیں، قانونی طور پر مقیم پناہ گزینوں کو کوئی واپس نہیں بھیج رہا، صرف غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو ملک بدر کیا جا رہا ہے، 31 اکتوبر کے بعد سخت کارروائی ہوگی۔ انوار الحق کاکڑ نے کہافلسطین میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت ظالم اسرائیل اور مظلوم فلسطینیوں کی جنگ ہے، پاکستان مظلوم فلسطینیوں کےساتھ حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے حصول تک شانہ بشانہ کھڑا ہے۔