تل ابیب،غزہ،نیویارک(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)حماس،اسرائیل میںدو بدو جھڑپیں ،اموات میں مسلسل اضافہ، سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بے نتیجہ ختم،اسرائیلی اخبار نے حملوں میں1000سے زائد صہیونی ہلاک ہونے کادعویٰ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے اچانک حملے کے بعد سے اسرائیلی فوج اب تک سنبھل نہیں پائی ،اسرائیل کے مختلف مقامات پر شدید جھڑپیں جاری ہیں،اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے فلسطینی مزاحمت پسند تنظیم حماس کے حملوں میں 1000 سے زائد اسرائیلی مارے گئے،متعدد قید ہیں۔
اخبار ہاریٹز نے ادارئیے میں وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو حملوں کا واحد ذمہ دار شخص قرار دیتے ہوئے لکھا نیتن یاہو اپنے آپ کو سکیورٹی سمیت تمام امور میں عقل کل سمجھتے رہے،نیتن یاہو کی فارن پالیسی نے فلسطینیوں کے وجود و حقوق سے منہ موڑے رکھا،دوسری جانب اسرائیلی فوج غزہ میں بمباری جاری رکھے ہوئے ہے،سکولوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، حملوں میں بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 500 سے متجاوز کرگئی ۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دےدیا،خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے حکام کو غزہ کی بجلی کاٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے کھانے پینے کی اشیا اور ایندھن کی سپلائی روکنے کے بھی احکامات جاری کردئیے۔
ادھر اقوام متحدہ نے کہاہے اسرائیل و حماس کے درمیان جنگ کے بعد غزہ میں تقریباً ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد لوگ گھروں کو نقصانات پہنچنے اور خوف کی وجہ سے بے گھر ہوچکے ،تقریباً 73 ہزار سے زائد افراد نے سکولوں میں پناہ لے لی۔
دوسری جانب اسرائیل فلسطین کشیدگی پر سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا، باضابطہ قرارداد پیش ہو سکی نہ ہی مشترکہ اعلامیہ یا بیان جاری ہو سکا،امریکہ کی جانب سے رکن ممالک پر زور دیا گیا اسرائیل پر حماس کے حملے کی مذمت کریں تاہم امریکی و اسرائیلی مطالبے و دباو کے باوجود کئی اراکین نے حماس کے حملوں کی مذمت سے گریز کیا،امریکہ نے اسرائیل پر حماس حملے کے معاملے پر سلامتی کونسل اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہونے پر اظہار افسوس کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس کے دوران روس نے سلامتی کونسل کے دیگر رکن ملکوں سے اتفاق نہیں کیا،روسی سفیر نے فوری جنگ بندی اور بامعنی مذاکرات پر زوردیتے ہوئے کہا سلامتی کونسل فلسطین پردہائیوں پہلے طے معاہدے پرعمل کرے،چینی سفیر نے کہا غیر معمولی بات ہے سلامتی کونسل نے کچھ نہیں کہا ورنہ عام شہریوں کےخلاف کیے گئے تمام حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
حماس،اسرائیل میں دو بدو جھڑپیں ،اموات میں اضافہ، سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بے نتیجہ ختم



















