اسلام آباد (بیورورپورٹ)سائفر کیس میں جیل ٹرائل وجج کی تعیناتی کےخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2سے 3روز میں فیصلہ دینے کا عندیہ دےدیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جلد فیصلے کی متفرق درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کی تو شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،شیر افضل مروت نے کہا سائفر کیس کا جیل ٹرائل شروع ہو گیا لیکن ہماری درخواست پر فیصلہ نہیں آیا، پیر کو پھر سائفر کیس جیل میں سماعت کےلئے مقرر ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاجلدی کر دیتا ہوں، پیر کو تو نہیں لیکن 2،3دن میں فیصلہ کر دوں گا، ایک بات بتائیں پریس میں آیا ہے چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی پر آپ کو اعتراض ہے؟ آپ کی اپنی پٹیشن اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی تھی اور وہ منظور ہوئی، پھر پریس میں آپ کی طرف سے اتنی بحث کیوں چل رہی ہے؟۔
شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے جواب دیا آفیشلی تو ایسا کوئی بیان نہیں دیا گیا،جسٹس عامر فاروق نے کہا حیران تھا آپ کی پٹیشن منظور ہوئی پھر کیوں کہہ رہے ہیں،شیر افضل مروت نے کہامعلوم تھا اڈیالہ جیل میں بی کلاس دیں گے لیکن نہیں دی گئی۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کی3 ضمانت درخواستیں انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت کےلئے مقرر کرلی گئیں، جج ابوالحسنات ذوالقرنین 16 اکتوبر کو درخواستوں پر سماعت کریں گے۔
سائفر کیس،عمران خان کی درخواست پر3روز تک فیصلہ کردیں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ
















