اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہابھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ڈھائے جانےوالے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر کشمیری آپ کے شکر گزار ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہر طرح سے ساتھ ہے،پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھے گا،وزیراعظم نے کہامسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے جب تک مسئلہ سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت حل نہیں ہوتاجدوجہد میں کشمیریوں کےساتھ ہیں۔
دریں اثنانگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے کاروباری شخصیت حاجی نواب دمڑ،قبائلی رہنما سردار فرید دمڑ اور سماجی رہنما لال خان کاکڑ نے ملاقات کی،بلوچستان ، بالخصوص زیارت، ہرنائی، اور سنجاوی میں کاروباری طبقے کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرکے اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا افتتاح کیا،تقریب سے خطاب میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے قیام کی تعریف کی اورقدرتی آفات سے بچنے والے انفراسٹرکچر و پالیسی فریم ورک کی اہمیت پر زور دیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہااین ای او سی قدرتی آفات سے نمٹنے و خطرے اور نقصانات کو کم کرنے میں مدد دے گی، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونےوالے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے،وزیراعظم نے کہاموسمیاتی تبدیلی حقیقی چیلنج ہے ،آنےوالی نسلوں کو پریشان کرتی رہے گی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کےلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،نگران وزیر اعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران تمام ریاستی اداروں خصوصاً این ڈی ایم اے کی مربوط کوششوں کی تعریف کی،انوار الحق کاکڑ نے کہا ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے جو آفات کی نگرانی کر سکے، نظام قدرتی آفات و موسمیاتی تغیر میں مدد فراہم کرے گا۔
موسمیاتی تبدیلی سے بچنے کےلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے،وزیراعظم
















