بجلی قیمتوں پر کیسز کا ڈھیر ،16 اکتوبر کو دلائل سن کر فیصلہ کریں گے،چیف جسٹس

اسلام آباد(بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کےخلاف ایک ہزار 90 درخواستوں پردلائل طلب کرلیے اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

سپریم کورٹ میں بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی ، چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کی مہلت استدعا مسترد کر دی اوراٹارنی جنرل کو کیس کی تیاری آدھے گھنٹے میں کرنے کی تنبیہ کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے کہاکیس میں اٹارنی جنرل کو نوٹس نہیں وہ خود دلائل دینا چاہتے ہیں، عدالت کچھ مہلت دے ، چیف جسٹس نے کہا اگر تو آپ خود لکھ کر کہہ دیں عامر رحمان نااہل ہے دلائل نہیں دے سکتے تو ٹھیک ہے ہم تو عامر رحمان کو نااہل کہنے کی گستاخی نہیں کر سکتے، میں تو سمجھتا ہوں عامر رحمان قابل وکیل ہیں اور کیس میں خود دلائل دے سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو آدھے گھنٹے میں کیس کی تیاری کا حکم دیتے ہوئے کہا بجلی کی قیمتوں پر کیسز کا ڈھیر ہے،16 اکتوبر کو دلائل سن کر فیصلہ کریں گے،الیکٹرک سپلائی کمپنیز کی جانب سے وکلاعدالت میں پیش ہوئے ، وکیل خواجہ طارق رحیم نے کہا کچھ وکلاکو نوٹسز نہیں موصول ہوئے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہافریقین رضامند ہیں تو کیس کو ملتوی کر دیتے ہیں ، وکیل نے کہا صبح فل کورٹ میں پیش ہونا ہے عدالت وقت دے،وکیل لیسکو نے استدعا کی لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا لاہور ہائیکورٹ کے حکم سے 40 ارب کا نقصان ہو چکا، فریقین کو حکم دیا جائے اگلی سماعت پر التوا نہیں مانگیں گے،چیف جسٹس نے کہا چودھری صاحب جب آپ کی التوا درخواست منظور نہیں کی توامتیازی سلوک نہیں ہو گا، کیا کسی نے لاہور ہائیکورٹ سنگل بنچ کے فیصلے کےخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی؟ وکیل خواجہ طارق رحیم نے کہا انٹرا کورٹ اپیل دائر نہ کرنے کی وجہ سے درخواستیں ناقابل سماعت ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اگلی سماعت پر پہلے درخواستیں قابل سماعت ہونے اور قانونی نکات پردلائل سن کرفیصلہ کریں گے،سپریم کورٹ نے کہا لاہورہائیکورٹ نے فیول پرائس اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دیا، درخواست گزاروں کے مطابق قومی خزانے کے اربوں کا نقصان پہنچ چکا، اگلی سماعت پر اگر کوئی وکیل پیش نہیں ہو سکتا تومتبادل وکیل بھیجے،اگلی سماعت پر التوا کی کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی،کوئی فریق تحریری معروضات جمع کرانا چاہے تو کرا سکتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا تمام فریقین مالدار ہیں اور اپنے وکلاکے اسلام آباد سفر کا خرچ اٹھا سکتے ہیں، ویڈیولنک سہولت کی درخواست قبول نہیں ہوگی،سپریم کورٹ نے بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کےخلاف ایک ہزار 90 درخواستوں پرسماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے دلائل طلب کرلیے اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔