مستونگ،ہنگو،اسلام آباد،کوئٹہ،پشاور،نیویارک،لندن،بیجنگ(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)سانحہ مستونگ،ہنگو میں شہادتیں 60سے متجاوز،بلوچستان میں سوگ،قومی پر چم سرنگوں،”را“ سے جڑے ایکس اکاﺅنٹ نے مستونگ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی،امریکہ،چین،ایران،برطانیہ سمیت عالمی برادری کااظہار افسوس،دہشتگردی کیخلاف پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے جلوس میں خود کش دھماکے کے نتیجے میںشہادتیں59تک جاپہنچیں،جام شہادت نوش کرنےوالوں میں ڈی ایس پی بھی شامل ہیں،100سے زائدزخمی ہسپتالوں میں زیر علاج ہونے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کاخدشہ ہے، دھماکے کے بعد سامنے آنےوالی غیر مصدقہ تصاویر ، ویڈیوز میں خون میں لت پت لاشیں دیکھی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ عبدالرزاق ساسولی نے کہا سینکڑوں افراد پر مشتمل جلوس الفلاح روڈ پہنچا توخودکش بمبار نے نشانہ بنایا،بمبار نے خود کو ڈی ایس پی علی نواز گشکوری کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑایا۔
ترجمان سول ہسپتال وسیم بیگ کے مطابق 52 اموات نواب غوث بخش میموریل ہسپتال میں ریکارڈ کی گئیں، دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کےخلاف درج کرلیا گیا ،قتل ، اقدام قتل، دہشتگردی اور ایکسپلوسیو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ادھر سانحہ مستونگ پر بلوچستان حکومت کی جانب سے 3 روزہ سوگ کے باعث سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔
بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ سے جڑے ایکس اکاﺅنٹ نے مستونگ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی،ایکس اکاﺅنٹ پرحملے کومقبوضہ کشمیر میں 14 ستمبرکو بھارتی اہلکار وں کی موت کا بدلہ قرار دیا گیا ، ایکس اکاﺅنٹ پر مزید کہا ہرچیز کا جواب دیا جائےگا اگر تم ہم پرحملہ کروگے۔
دوسری جانب تھانہ ہنگو کی مسجد میں نماز جمعہ کے وقت حملے سے پولیس اہلکار سمیت 5 افراد شہید،متعدد زخمی ہوگئے،30 سے 40 نمازی مسجد میں موجود تھے۔
پولیس حکام کے مطابق 2 شدت پسندوں نے تھانا دوآبہ میں اندرگھسنے کی کوشش کی، تھانے کے گیٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ سے ایک خودکش بمبارتھانے کے گیٹ پر مارا گیا،شدت پسندوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، تاہم دوسرے دہشت گرد نے تھانے کے اندر داخل ہو کر مسجد میں خود کو اڑالیا، پولیس کے بروقت رسپانس سے دھماکے سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا،پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث مسجد کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔
عینی شاہد ین نے کہا دہشت گرد کو گیٹ پر روکنے والے اہل کار نے بڑی تباہی سے بچایا،حملے کامقدمہ درج کر لیا گیا،ابتدائی رپورٹ کے مطابق پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے وقت نمازی بر وقت مسجد سے نکلے اور خود کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، نمازی وقت پرمسجد سے نکلنے کی وجہ سے نقصان کم ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہوا اور خود کو دھماکے سے اڑایا۔
صدر مملکت عارف علوی ، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ، صوبائی وزرائے اعلیٰ ، گور نرز ، چیئر مین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ، سابق وزرائے اعظم سمیت سیاسی ومذہبی رہنماﺅں نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے ذمہ دار افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں،بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے، پورا پاکستان دہشتگردی کی لعنت کےخلاف متحد ہے۔
دریں اثناامریکہ،چین ،اقوام متحدہ ،سعودی عرب، مصر، کویت ،لندن سمیت سمیت کئی ممالک نے بلوچستان کے ضلع مستونگ و خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں خودکش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت ،پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں،سعودی عرب نے کہاپاکستان ،برادر عوام کےساتھ کھڑے ہیں،کویتی وزارت خارجہ نے کہابےگناہ لوگوں کےخلاف تشدد کی سخت مذمت کرتے ہیں،مصر نے دہشتگرد حملوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاپاکستان میں ہونےوالے دہشتگردحملوں کی مذمت کرتا ہوں،دہشتگرد حملوں میں پرامن، مذہبی تقریبات کے دوران لوگوں کو نشانہ بنایا گیا جو گھناونا عمل ہے، حملوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے صدر مملکت عارف علوی کو ہمدردی کا پیغام بھیجا،چینی صدر نے کہابیجنگ کسی بھی قسم کی دہشتگردی کی مخالفت کرتا ہے اور ملک کے استحکام و سلامتی کےلئے پاکستان کی تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا ، چینی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ وانگ ای نے بھی اپنے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام ہمدردی کے پیغامات بھیجے۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ،جیمز کلورلی نے دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کا اظہار کیا،نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا دہشتگردی واقعات میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لائیں گے اور ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرینگے۔
سانحہ مستونگ،ہنگو میں شہادتیں 60سے متجاوز،بلوچستان میں سوگ



















