نوازشریف کی 21اکتوبر کو واپسی فائنل،کوئی تبدیلی نہیں ہوئی،شہبازشریف

لندن(مشرق نیوز)سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی،وطن واپسی پر بھرپور استقبال کریں گے، قائد ن لیگ نے لندن آنے کا حکم دیا اور میںچلا آیا، نواز شریف نے مشورے کیلئے بلایا ،صدر ن لیگ نے کہاگوجرانوالہ میں کوئی ملاقات ہوئی نہ گوجرانوالہ گیا ہوں،قائد ن لیگ کی واپسی پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو جلد جواب دیا جائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا نواز شریف نے کبھی قوم سے غلط بات اور جھوٹے وعدے نہیں کیے، معمار بن کر آرہے ہیں، ترقی کے سفر کو وہیں سے شروع کریں گے جہاں رک گیا تھا۔

شہبازشریف نے کہاپی ٹی آئی دور میں نوجوانوں میں زہر گھولا گیا ،افرا تفری پیدا کی گئی، نواز شریف نوجوانوں میں گھولا گیا زہر ختم کرنے آرہے ہیں،نواز شریف نے کہا تھا قوم موقع دے گی تو اندھیرے ختم کروں گا، 2013 میں حکومت ملی تو پاکستان میں اندھیرے ختم کیے گئے، لاکھوں لوگوں کو روزگار ملا، ملک میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا 2018 میں قوم کےساتھ مذاق کیا گیا، ترقی روک دی گئی، قوم کی ترقی کے سفر کو جھرلو الیکشن سے روکا گیا ، نواز شریف اقتدار نہیں قوم ترقی سے محروم ہوئی،نواز شریف قوم کی ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کرنے کےلئے پاکستان آرہے ہیں۔