لاہور(حافظ کاشف سندھو )لاہور میں ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں اضا فہ ،سالانہ اربوں روپے کے فنڈز اور وافر وسائل کے باوجود بھی کرائم کا گراف روز بروز بڑھتا جا رہا ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت لاہور شہر میں جرائم کی شرح میں 150 سے 200 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
سکیورٹی اداروں کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں سال لاہور شہر میں غیر ت، دیرینہ دشمنی ،عداوت، ڈکیتی مزاحمت،اقدام قتل اور اغواءبرائے تاوان کی وارداتیں بڑھ گئیں ،غیر ت، دیرینہ دشمنی ،عداوت، ڈکیتی مزاحمت،اقدام قتل اور اغواءبرائے تاوان کی 1167وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران بے رحم ڈاکووں نے ڈکیتی مزاحمت پر 16افراد جبکہ گزشتہ سال 2022کے پہلے8 ماہ میں بے رحم ڈاکووں نے 11افراد کو موت کے گھاٹ اتارا، رواں سال کے پہلے 8 ماہ میں اغواءکاروں نے 9افراد کو تاوان کی خاطراس کے برعکس 2022 کے پہلے 8 ماہ میں اغواءکاروں نے 7افراد کو تاوان کی خاطر اغواءکیا ۔
رواں سال کے پہلے 8 ماہ میں غیر ت، دیرینہ دشمنی ،عداوت پر 337افراد جبکہ 2022کے پہلے8ماہ میں غیرت، دیرینہ دشمنی ،عداوت پر 356افراد قتل ہوئے، 2023کے دوران اقدام قتل کے 805واقعات رونما ہوئے اور 2022کے پہلے 8 ماہ میں اقدام قتل کے 741واقعات رونما ہوئے اس کے علاوہ لاہور شہر میں گزشتہ8 ماہ کے دوران 81ہزار سے زائد وارداتوں میںشہریوں کو 3 ارب سے زائد مالیت کی نقدی ، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق راوں سال کے پہلے 8ماہ کے دوران ڈکیتی کی 62، رابری کی342، کار چھیننے کی1014،موٹر سائیکل چھیننے کی 1115وارداتیں ہوئیں، اس حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا گیا صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوگیا، لاہور میں ہونے والے سٹریٹ کرائم کے تقابلی جائزے کی تفصیلات کے مطابق شہر میں 15 کالز کا تناسب دوسرے شہروں کی نسبت سب سے زیادہ ہے۔
اربوں کے فنڈز بے سود،جرائم کی شرح میں200فیصد اضافہ
















