پاک آرمی کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے،آرمی چیف

راولپنڈی (بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت و قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بروتھا میں کثیر الملکی سپیشل فورسز کی مشق ایٹرنل برادر ہڈ دوم کی افتتاحی تقریب ہوئی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی،2ہفتوں پر مشتمل مشترکہ مشق میں پاکستان، قازقستان، قطر، ترکیہ اور ازبکستان کی سپیشل فورسز حصہ لے رہی ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے بروتھا گیریژن کا دورہ کیا، آرمی چیف کو مشق پربریفنگ دی گئی،آئی ایس پی آر نے کہا مشق کا مقصد دوست ممالک کے مابین تاریخی فوجی تعلقات کو مزید بڑھانا اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کر دہشتگردی کےخلاف نبرد آزما ہونا ہے، چیف آف آرمی سٹاف نے جونیئر لیڈر شپ اکیڈمی (شنکیاری) کا بھی دورہ کیا۔

سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا جونیئر لیڈرز پاک فوج کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور روایتی و غیر روایتی جنگ میں کامیابی سے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت و قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔

آرمی چیف نے کہا پاک فوج کے جونیئر لیڈرز نے دنیا بھر میں تربیت، آپریشنز اور عالمی معیار کے مقابلوں کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔