سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار

لاہور (مشرق نیوز) اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی گرفتار کرلیا۔ حکام اینٹی کرپشن کے مطابق پرویز الٰہی اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا ہوئے تھے جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو راہداری ریمانڈ کیلئے جودیشل کمپلیکس لے جایا جارہا ہے اور انہیں آج شام تک اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹرز منتقل کیا جائیگا۔

حکام کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کے خلاف اینٹی کرپشن میں کرپشن، اختیارات سے تجاوز، پنجاب اسمبلی میں میرٹ سے ہٹ کر ملازمتیں دینے اور لاہور ماسٹر پلان میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے چار مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب پرویز الٰہی کے وکیل سردار عبدالرازق کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو لاہور پولیس راہداری ریمانڈ لے کر لاہور لے جانا چاہتی ہے، انکی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں ضمانت منظور ہوچکی ہے۔

قبل ازیں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی کی دوبارہ گرفتاری پر آئی جی پولیس کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی گئی۔