کالا باغ ڈیم برسر اقتدار جرنیلوں کے اختلافات کے باعث نہ بن سکا: گورنر پنجاب

لاہور (کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم برسر اقتدار جرنیلوں کے اختلافات کے باعث نہ بن سکا۔ صدر ایوب خان نے ملک کے تین دریا بھارت کے حوالے کردئیے، ماضی کے غلط فیصلوں کی سزا آج عوام بھگت رہے ہیں، سستی بجلی کیلئے ہمیں متبادل ذرائع پر انحصار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں پاکستان انرجی کانفرنس اور تین روزہ نمائش کے موقع پر سٹالز کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم توانائی کے حصول کےلئے ناگزیر ہے لیکن بنی بنائی جھیل پر سستا ترین منصوبہ ناعاقبت اندیشوں نے بننے نہیں دیا جبکہ سابق صدر ایوب نے تین دریا بھارت کو بیچ دئیے اور جنرل ضیا الحق اور جنرل فضل الحق نے کالا باغ ڈیم نہ بننے دیا۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کسی بھی ملک کےلئے اہم ضرورت ہے اور توانائی نمائش کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے تاکہ پرائیویٹ سیکٹر کے آنے سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ آج مہنگی ترین بجلی ضلعی تجارت اور عام آدمی کیلئے مسئلہ بنا ہوا ہے، لہٰذا اسے جلد حل کرنا ہوگا۔ ایشین نمائش کے چیف آرگنائزر عاطف ذیشان، ماہرین و سٹالز ہولڈر انجینئرز میاں سلطان اور انجینئرز آفتاب قریشی کا کہنا تھا کہ 100 سے زائد ملکی و غیرملکی کمپنیوں اور ماہرین کی شرکت خوش آئند ہے۔ یہاں ایک چھت تلے سولر سمیت سستی بجلی پر آگاہی دی جارہی ہے۔ ماہرین یہاد رکھے ہوئے آلات کے بارے میں آگاہی دے رہے ہیں۔ تین روزہ کانفرنس کی سفارشات حکومت کو بھجوا دی جائیں گی تاکہ سستی بجلی کیلئے مطالبات پر عمل ہوسکے۔