مزدور کی کم ازکم تنخواہ32ہزار ،معذورافراد،بزرگوں اورطلبہ کیلئے میٹروبس،اورنج ٹرین میں سفر مفت

ملتان،لاہور (بیورورپورٹ ،خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں پنجاب کابینہ کا25واں اجلاس ہوا،وزیر اعلیٰ ، وزرا، مشیروں، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، سیکرٹریز اور حکام ائیر پورٹ سے کوسٹرز میں سفر کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پہنچے ،پنجاب کابینہ نے ورکرز کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کم از کم تنخواہ 32ہزار روپے کرنے کی منظوری دی۔

وزیر اعلیٰ نے کم از کم تنخواہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی،کابینہ نے معذور افراد،بزرگوں اورطلبا و طالبات کو بڑاریلیف دےدیا،میٹروبس سروس ،اورنج لائن میٹروٹرین پر فری سفر کرسکیں گے،کابینہ نے سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجزمیں سیشن برائے 2023-24کیلئے داخلہ پالیسی کےلئے کمیٹی سفارشات ،سموگ سے نمٹنے کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل ،صحافیوں ،خاندانوں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک ارب سے انڈومنٹ فنڈ کے اجرا کی منظوری دی۔

اجلاس میں لاہور،راولپنڈی،بہاولپور ،ملتان ہائیکورٹ کے احاطے میں قائم ڈسپینسریوں کو فنکشنل وآپریشنل کرنے کی ذمہ داری ہیلتھ فسیلٹیزمینجمنٹ کمپنی کے سپرد کرنے ،سکول اپناوپروگرام کے تحت پنجاب ایجوکیشن لینڈ سکیپ کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ کرنے سمیت مزید اہم فیصلے کیے گئے۔

دریں اثنانگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیااورپروفیسرز، ریسرچرز و فارمرز سے مشاورتی سیشن کیا،زرعی ریسرچ کو پائیدار انداز میں فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔

وزیر اعلیٰ نے زرعی ریسرچ کے فروغ کیلئے حتمی سفارشات کی تیاری کےلئے وزارتی کمیٹی کا اعلان کیا،کمیٹی میں صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، بلال افضل، جاوید اکرم ،ابراہیم مراد شامل ہیں،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہازرعی شعبے کی ترقی کےلئے پروفیسرز، ریسرچرز و فارمرز سے رہنمائی اور فیڈ بیک لیں گے،بد قسمتی سے زرعی شعبے میں ریسرچ نہ ہونے کے برابر ہے،ریسرچ انسٹیٹیوٹس کو ریسرچ کےلئے لیڈ لینا ہو گی، وزیراعلیٰ نے کہا سیڈ میں بہت پیچھے رہ گئے،زراعت کی ترقی کےلئے جو کچھ کرنا پڑا کریںگے،شعبے سے وابستہ 1500پی ایچ ڈیز کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیاجائےگا۔

مزید برآںنگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر چلڈرن ہسپتال ملتان میں دل جسم سے باہرہونے والے بچے عبداللہ کا علاج معالجہ شروع کر دیا گیا،سرجنز نے کہا بچے کا دل جسم سے باہر اور دل میں سوراخ بھی ہے، حالت سنبھلنے کے بعد بچے کو لاہور شفٹ کیا جائے گا۔