8کروڑ یونٹ بجلی چوری کاسراغ ،مزیدسینکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار)8کروڑ یونٹ بجلی چوری کاسراغ،مزیدسینکڑوںغیرقانونی کنکشن منقطع کردئیے گئے۔

لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، میانوالی، سرگودھا، راجن پور ،حیدرآباد، بدین، جیکب آباد اور کشمور سمیت ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے مقدمات درج کرنے کے علاوہ مزید سینکڑوں غیرقانونی کنکشن منقطع کرکے مقدمات درج کرلیے گئے،راجن پور کی بستی پرہار میں بجلی چوروں کےخلاف کارروائی کرنے والی میپکو ٹیم کو یرغمال بنالیا گیا۔

ادھر لیسکوترجمان راے مسعود ہرل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق لیسکو میں پانچوں روز آپریشن کے دوران تمام سرکل میں 194کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دیں،97ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکیں جبکہ25ملزموں کو گرفتار کرلیا،تمام کنکشنز منقطع کر کے 528,700 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے۔

مزید برآںننکانہ کی معروف سیاسی شخصیت اور سابق چیئرمین ممتاز حسین شاہ کا بیٹا رضا شاہ بھی بجلی چوری کرتے پکڑا گیا،ترجمان لیسکو کے مطابق سابق چیئرمین ممتاز حسین شاہ کا بیٹا رضا شاہ لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کررہا تھا،لیسکو ٹیم موقع پر پہنچی تو دیکھ فائرنگ کردی ،سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ، ٹیم کی جانب سے پولیس کو طلب کیا گیا ، پولیس نے موقع سے ایک ملزم کو گرفتار کرکے بجلی چوری، کار سرکار میں مداخلت اور دھمکیاں دینے سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

ترجمان لیسکو نے کہا رضا شاہ کو ڈیٹیکشن بل کی مد میں 2404یونٹس (155203روپے)چارج کردیئے ۔

دوسری جانب سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے انکشاف کیا بجلی چوری کےخلاف آپریشن کے دوران8کروڑ یونٹ بجلی چوری کا کھوج لگالیا،چوری میں ملوث 194افراد کو گرفتار کیاگیا ،35کروڑ 20لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ،راشد لنگڑیال کے مطابق بجلی چوری پر لیسکو و میپکو میں دیگرکمپنیوں کے مقابلے میں بہترکام ہورہا ہے۔