اسلام آباد(بیورورپورٹ) نئے آئینی بحران کاخطرہ،صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے کسی بھی وقت الیکشن تاریخ کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے،ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی کسی بھی وقت الیکشن تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں اگر ایسا ہوا تو ملک پھر آئینی بحران کا شکار ہوسکتا ہے۔
ادھر صدر مملکت کی وزیرقانون سے ملاقات میں الیکشن تاریخ کے اعلان پر بات ہوئی،اعلامیے کے مطابق ملاقات حکومت اور صدر مملکت کے مابین عام انتخابات پر جاری مشاورت کے تسلسل میں کی گئی ،عارف علوی نے کہامشاورتی عمل کا اچھی نیت کےساتھ جاری رہنا ملک میں جمہوریت کیلئے مثبت ہوگا۔
قبل ازیں پی ٹی آئی نے صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھ کرفوری انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا مطالبہ کردیا،پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے لکھے خط میں کہادستور کا آرٹیکل 48(5) صدر کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کی صورت میں صدر مملکت کو انتخابات کے انعقاد کےلئے 90 روز کی مدت کے اندر تاریخ کے تعین کا پابند بناتا ہے۔
خط میں کہا گیا سپریم کورٹ ، سبطین خان بنام الیکشن کمیشن اور پنجاب ، کے پی میں انتخابات کے معاملے پر از خود نوٹس فیصلوں میں آئین کے آرٹیکل کی پوری صراحت سے تشریح کر چکی ، دستور و سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انتخابات کی تاریخ کا تعین صدر کا استحقاق و اہم ترین آئینی فریضہ ہے۔
دوسری جانب ن لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا عارف علوی مدت پوری ہونے پر ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں، اپنا بوریا بستر اٹھائیں اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ منتقل ہوجائیں کیونکہ ریاستی ، معاشی دہشتگرد و سازشی الیکشن نہیں صرف معاشی سیاسی و آئینی بحران چاہتے ہیں۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل ن لیگ عطاتارڑ نے کہا معیشت کی حالت بہتر ،ڈالر کی قیمت کم ہورہی ہے جب بھی ملک کی حالت بہتر ہوتی ہے پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرتی ہے، صدر علوی الیکشن کی تاریخ دےکر ایک بار پھر غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرکے ملک کو غیر مستحکم کریں گے۔
،لیگی رہنما نے مزید کہاصدرکے عہدے کی معیاد 9 ستمبر کو ختم ہوچکی ،عبوری صدر ہیں، الیکشن کی تاریخ دینے کااختیار کس نے دیا؟ عبوری صدر نئے صدر کی تعیناتی تک عہدے پر برقرار رہتے ہیں۔
عطاتارڑ نے مزید کہاصدر کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا غیر قانونی و غیر آئینی ہوگا،عارف علوی نے الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کر کے بھی غیر آئینی کام کیا، آئین کہتا ہے صدر کو وزیر اعظم کی ایڈوائس پر عمل کرنا ہے،بے یقینی کی فضا صرف اپنے بیانیے کےلئے پیدا کر رہے ہیں، صدر وہی کر رہے ہیں جو پارٹی کرتی رہی ،سب اٹک میں بیٹھے شخص کی وجہ سے ہو رہا ہے،حکومت صدر مملکت کے احکامات ماننے کی پابند نہیں ۔
نئے آئینی بحران کاخطرہ،صدر کی جانب سے کسی بھی وقت الیکشن تاریخ کا اعلان متوقع
















