راولپنڈی(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے دہشتگردوں کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں جبکہ کور کمانڈر کونفرنس میں فیصلہ کیا گیا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنےوالے دہشتگردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست مکمل طاقت کےساتھ نمٹے گی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 259ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو میں ہوئی ،ملک کی موجودہ صورتحال بالخصوص سکیورٹی امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا ریاستی اداروں ،عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کےلئے مذموم پروپیگنڈا کرنےوالوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق پاک فوج نے 6ستمبر کو ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا کوبھرپور طریقے سے منانے پر قابل فخر قوم کا شکریہ ادا کیا،کانفرنس کے دوران ضم شدہ و بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔
شرکا نے اعادہ کیاملک میں معاشی سرگرمیاں جو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی زیر نگرانی جاری ہیں کی مکمل حمایت کی جائے گی،معاشی استحکام،غیر ملکی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانےوالی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کرینگے۔
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا اور فوجیوں کی فلاح و بہبود و حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے۔
کانفرنس کے شرکا نے ہر قسم کے بلواسطہ و بلاواسطہ خطرات کےخلاف ملکی خود مختاری و علاقائی سالمیت کے دفاع کےلئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا، شرکا کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز و بڑھتے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی پربھی بریفنگ دی گئی۔
شرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں و جوانوں اور سول سوسائٹی کے شہدا جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی و وقار کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاکی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا،شرکا نے کہا ریاست پاکستان مسلح افواج کے شہدا ،اہلخانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں،کانفرنس میں شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
دہشتگردوں،سہولت کاروں کےساتھ پوری طاقت کےساتھ نمٹیں گے،کور کمانڈرز کانفرنس
















