IMFکاپھر ڈومور،200یونٹ والے بجلی صارفین کو ریلیف کے بدلے کئی مطالبات کی فہرست تھمادی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) آئی ایم ایف کا پھر ڈومور، 200 یونٹ والے بجلی صارفین کو ریلیف کے بدلے گیس مہنگی کرنے سمیت کئی مطالبات کی فہرست تھما دی۔

ذرائع کے مطابق صارفین کو بجلی بلوں پر ریلیف دینے کے معاملے پر پاکستان، آئی ایم ایف حکام کے درمیان رابطہ ہوا، آئی ایم ایف نے 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف دینے کی تجویز مسترد کردی تاہم 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے بلز قسطوں میں وصول کرنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 2 ماہ میں 24 ارب کا زیادہ ٹیکس جمع کیا، ایف بی آر کی کارکردگی سے مطمئن ہوکر آئی ایم ایف نے 15 ارب ریلیف کی منظوری دی۔

بل قسطوں میں وصول کرنے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائیگی، اقدام سے تقریباً 40 لاکھ بجلی صارفین کو وقتی ریلیف ملنے کا امکان ہے جبکہ 400 یونٹ تک ریلیف کی صورت میں 3 کروڑ 20 لاکھ صارفین مستفید ہوسکتے تھے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستانی حکام پر بجلی و گیس چوروں کےخلاف کریک ڈاو¿ن اور ریکوری بہتر بنانے پر زور دیا۔ ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے گیس ٹیرف میں بھی 45 سے 50 فیصد تک اضافے کا مطالبہ کیا گیا، گیس ٹیرف میں اضافہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہے۔

دستاویز کے مطابق بجلی بلوں میں ریلیف صرف اگست کے بلوں کیلئے ہوگا، 200 یونٹس تک کے 64 فیصد صارفین کو فائدہ ہوگا، موخر ادائیگیوں پر 10 فیصد جرمانہ بھی عائد نہیں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی مزید شرائط میں سٹینڈ بائی پروگرام پر عملدرآمد، حکومتی اخراجات میں کمی، اداروں کی نجکاری اور 203 سرکاری کمپنیوں کو وزارتوںسے نکال کر وزارت خزانہ کے ماتحت کرنا شامل ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا موقف ہے کمپنیوں کا انتظام لائن منسٹریز کے پاس ہونا بہتری میں رکاوٹ ہے، پاور سیکٹر میں جنکوز، ڈسکوز میں ناقص گورننس کے باعث نقصانات میں اضافہ ہوا، پٹرولیم ڈویژن کی تیل و گیس کی منافع بخش کمپنیوں کو بڑے خسارے کا سامنا ہے اسی طرح آئی ایم ایف رواں مالی سال پی آئی اے، سٹیل مل ، آر ایل این جی پاور پلانٹس اور ڈسکوز کی نجکاری چاہتا ہے۔

دوسری جانب کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری اور تنظیم نو میں رکاوٹوں کے حل کےلئے تکنیکی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ،نجکاری کمیٹی نے وزارت ہوا بازی کو نجکاری کمیشن کےساتھ ملکر واضح ٹائم فریم ورک کےساتھ تفصیلی ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں بتایا گیا ڈسکوز کی انتظامیہ میں نجی شعبے کو شامل کرنے کا قابل عمل منصوبہ پیش کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔ نگران وزیر توانائی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں سیکرٹری نجکاری کمیشن، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور نیپرا کے ممبر شامل ہیں۔