لائن لاسز میں کمی،تین سال میں 24 ارب کی گیس بچائی: عامر طفیل

لاہور (کامرس رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سوئی نادرن گیس پائپ لائنز عامر طفیل نے کہا ہے کہ حکومت چوری روکنے میں سنجیدہ ہے،ہم کوشش کریں گے کہ گیس کی بچت کر کے ملکی ترقی میں حصہ ڈالیں،چار سال میں ہم نے اس معاملے پر بہت کام کیا ہے،2019سے 2022تک 24 ارب کی گیس بچائی ہے،اپنے لائن لاسز 52فیصد سے کم کر کے 29 فیصد تک کئے ہیں، ہر سال 20فیصد صارفین کو چیک کرتے ہیں،تین سال میں ساڑھے 4ارب روپے کی گیس چوری پکڑی ہے۔ سینئر جنرل منیجر زجواد نسیم اورقیصر مسعود سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ تین سال میں 86ہزار کلو میٹر کے نیٹ ورک کی لیکیجز چیک کی ہیں،20لاکھ 97ہزار میٹر ز تبدیل کئے ہیں ،اپنے تمام 16ریجنزمیں کام تیز کرنے جا رہے ہیں،ہیڈ آفس میں ایک ٹاسک فورس بنائی ہے جو گیس چوری اور لیکیج کو چیک کریگی،361ملازمین کے خلاف شکایات ملنے پر ایکشن لیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مقامی گیس کا شیئر کم ہوتا جارہا ہے ،پچاس فیصد سے زائد گیس امپورٹ کر رہے ہیں،ہمیں گیس کی بچت کرنے کیلئے استعمال کی عادتوں کو بدلنا ہو گا،سردیوں کے لئے گیس کی لوڈ مینجمنٹ پلان پر کام کر رہے ہیں، لوڈ مینجمنٹ پلان حکومت اور کابینہ کی منظوری سے لاگو ہوگا،سردیوں میں کوشش کریں گے کہ لنچ ، ڈنر اور ناشتے کے وقت گیس کا پریشر کم نہ ہو۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے گیس چوری کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے، انرجی کی چوری سے ملک کی ترقی پر بہت اثر پڑتا ہے،سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے بھرپور کارروائی کی جائے گی،یو ایف جی کنٹرول پر بہت کام کیا گیا ہے،گزشتہ چار سال میں اس پر ہم نے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بہت بڑا مسئلہ کرک اور اس کے قریبی علاقے تھے،اس کا ٹوٹل لاسز 34 فیصد تھا اب 18 رہ گیا ہے ،وہاں ہم نے وفاقی حکومت اور مقامی لوگوں کی شراکت سے چوری پر قابو پایا،ہمارے پاس جدید سسٹم لگا ہے جسے سکاڈا کہتے ہیں اس سے ہمیں گیس چوری کا پتہ چلتا ہے،انڈسٹری میں سائبر لاک لگا دیئے گئے ہیں،انڈسٹریل اور بلک کنزیومرز کو ماہانہ وزٹ کیا جاتا ہے،سپیشل کمرشل کنزیومرز کو سہ ماہی وزٹ کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں 813 مقدمات درج کروا چکے ہیں اور مقدمات کی پیروی کی جاتی ہے ،3لاکھ 26 ہزار چوری کے کیسز پکڑے گئے ہیں،ساڑھے چار ارب میں سے اڑھائی ارب ریکوری کرلی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یو ایف جی صرف چوری نہیں ہے،چوری، لیکج اور مئیرمنٹ ایرر مل کر یو ایف جی بنتی ہے،ہیڈ آفس کی سطح پر ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے،ہیڈ آفس کی ٹاسک فورس گیس چوری کے حوالے سے کاروائیاں کرے گی۔ا نہوںنے کہا کہ گیس چوری میں ملوث ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ 50 فیصد گیس کی ضرورت ہر سال بڑھتی جارہی ہے،50 فیصد گیس ہم باہر سے منگواتے ہیں،گیس کی قیمت خرید اور فروخت کا گیپ بڑھتا جارہا ہے، 300 ارب روپے حکومت سے لینے ہیں جو آئندہ چند سال میں ریکور ہوگا،حکومت کی اجازت ہوگی تو گیس کنکشنز پر پابندی ختم ہوگی۔