توہین عدالت کیس،ڈی سی اسلام آباد ،ایس ایس پی آپریشنز سمیت4افسروں پر فرد جرم عائد

اسلام آباد (بیورورپورٹ)ایم پی او آرڈر میں اختیارات سے تجاوز پر توہین عدالت کیس میں ڈی سی اسلام آباد ،ایس ایس پی آپریشنز سمیت4افسروں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

توہین عدالت کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کی،ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن ،ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر عدالت میں پیش ہوئے، ڈی سی اسلام آباد ،ایس ایس پی آپریشنز نے فرد جرم عائد ہونے پر وضاحتی جواب عدالت میں جمع کرا تے ہوئے کہاآرڈر کا مقصد عدالتی حکم کی توہین کرنا بالکل نہیں تھا، جج نے کہا چارج فریم کرنے کا دن رکھا ہوا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت نے کہا عدالت سے غیرمشروط معافی مانگتے ہیں، جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے تھوڑا سا جیل میں رہ لیجیے گا تاکہ آپ کو بھی پتہ چلے،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے بھی عدالت میں غیر مشروط معافی مانگی ۔

جسٹس بابر ستار نے کہا کیس میں 6 ماہ کی قید ہے، کچھ عرصہ جیل میں رہ لیں تاکہ آپ کو بھی معلوم ہو دوسرے کیسے جیل میں رہتے ہیں جو کچھ بھی ہے اب ٹرائل میں ثابت کیجیے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن ،ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر ،ایس پی فاروق بٹر اور ایس ایچ او ناصر منظور پر فرد جرم عائدکردی،چاروں نے صحت جرم سے انکار کر دیا،اسلام آبادہائی کورٹ نے پوچھا کیا آپ دفاع پیش کرنا چاہتے ہیں؟ ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر نے کہا مجھے وقت دے دیا جائے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل قیصر امام کو توہین عدالت کیس میں پراسیکیوٹر تعینات کر دیا۔