شہریوں کی حفاظت کیلئے پنجاب پولیس پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان پر پاک آرمی کے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور میں پاک آرمی کی یادگار شہدا کا دورہ کیا، سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ ہمراہ تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پاک آرمی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور افواج پاکستان کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا،ڈاکٹر عثمان انور نے افواج پاکستان کے شہدا کے بچوں اور اہل خانہ سے بھی ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے شہدا کے بچوں کے سر پر دست شفقت رکھا، اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ملکی سلامتی اور بقا میں پاک فوج کے لازوال خدمات کو سلام پیش کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس اندرون ملک شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس شہدا کے ورثا اور فورس کی ہیلتھ اینڈ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ایک اور شہید اہلکا ر کی فیملی کو محکمہ کی جانب سے گھر خرید کر فراہم کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل شاہد ارشد علی کے اہل خانہ کو نیا گھر فراہم کیا گیا، شہید کانسٹیبل شاہد ارشد علی کے ورثا کو نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر خرید کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 05 غازی اہلکاروں کو علاج معالجے کیلئے 21 لاکھ 50 ہزار روپے کے فنڈز بھی جاری کر دئیے۔ غازی اہلکار کانسٹیبل محمد اقبال کو علاج معالجے کیلئے 10 لاکھ روپے جاری کئے گئے، ڈولفن فورس لاہور کے زخمی کانسٹیبل محسن یوسف کو 05 لاکھ روپے دئیے گئے،ہیڈ کانسٹیبل محمد راشد اور کانسٹیبل محمد احسان الٰہی کو فی کس 03 لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ ڈولفن لاہور کے زخمی کانسٹیبل محمد عرفان کو علاج معالجے کیلئے 50 ہزار روپے دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے غازی افسران و اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے اقدامات میں تیزی لانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ دوران ڈیوٹی ڈاکوو¿ں او رجرائم پیشہ عناصر سے مقابلوں میں زخمی ہونے والے غازی افسران و اہلکار محکمے کا قیمتی سرمایہ، انکی بہترین ویلفیئر اور جلد بحالی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے مذکورہ بالا فنڈز ویلفیئر برانچ کی کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کی منظوری کے بعد فنڈز جاری کئے، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سینئر افسران نے شرکت کی اور مختلف اضلاع و یونٹس سے موصول درخواستوں کا جائزہ لے کر فنڈز جاری کرنے کیلئے آئی جی پنجاب کو سفارشات بھجوائیں۔