اسلام آباد(بیورورپورٹ)عمران خان کو سزا معطلی کے باوجود جیل میں رکھنے کے فیصلے کا ریکارڈ طلب جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا عمران خان کو جیل میں رات کو نیند نہیں آتی، چھت سے پانی گرتا ،مکھیاں بھی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات اور اٹک جیل سے منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی،وکیل شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا اٹک جیل میں بی کلاس ہی نہیں ،صرف تکلیف دینے کیلئے کیا جا رہا ہے، حکام کہتے ہیں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اٹک جیل میں رکھا گیا، اڈیالہ جیل زیادہ محفوظ ہے یا اٹک جیل، سب کو معلوم ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو رات کو نیند نہیں آتی، جہاں رکھا گیا وہاں چھت نہیں، پانی گرتا،مکھیاں بھی ہیں جبکہ اڈیالہ جیل میں سکیورٹی انتظامات بہتر ،بی کلاس بھی موجود ہے،وکیل نے مزید کہااڈیالہ جیل منتقل کرکے بی کلاس فراہم کرنا حق ہے، بشریٰ جیل میں ملنے گئیں تو مقدمہ بنانے کی کوشش کی گئی، الزام لگایا گیا بشریٰ نے جیل اہلکار کو 20 ہزار روپے رشوت دینے کی کوشش کی ، دوران سماعت ایف آئی اے وکلا نے جواب جمع کرانے کےلئے ایک ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کردی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا سائفر کیس کی آئندہ تاریخ کیا ہے؟ ، وکیل شیر افضل نے جواب دیا سوال ہے کیا 13 ستمبر کو کوئی نیا نوٹی فکیشن جاری کیا جائےگا، پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے کہا ہدایات لےکر عدالت کو آگاہ کر دیں گے،چیف جسٹس نے کہا کیس پرسماعت سے پہلے رکھ لیتے ہیں، عدالت کو آگاہ کیا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر عدالت ایف ایٹ کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کی گئی، وزارت داخلہ متعلقہ وزارت بنتی ہے، وزارت قانون نے نوٹیفکیشن کیسے کیا؟۔
وکیل شیر افضل نے کہا آئندہ سماعت کےلئے کوئی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا جائے، چیف جسٹس نے کہا آئندہ سماعت سے پہلے کیس سماعت کےلئے رکھ لیا، وکیل نے کہا وہ 12 کی بجائے 10 ستمبر کو ہی نوٹی فکیشن جاری کر دیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تو جاری کرنے دیں، کیا فرق پڑے گا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا آئندہ سماعت پر عدالت کو بتائیں وزارت قانون نے کس اختیار کے تحت نوٹی فکیشن جاری کیا، وکیل شیر افضل نے کہا استدعا ہے دلائل دے دئیے جائیں، چیف جسٹس نے کہا وہ تو کہہ رہے ہیں لگتا تھا درخواست واپس لے لی جائے گی، وکیل نے جواب دیا کیوں درخواست واپس لیں، دلائل دینا چاہتے ہیں،ٹرائل کورٹ اس درخواست کی وجہ سے ضمانت درخواست نہیں سن رہی اب چیئرمین پی ٹی آئی کو مزید 6 دن جیل میں رہنا پڑےگا،چیف جسٹس نے کہا میں آرڈر کردیتا ہوں ہائیکورٹ میں درخواست سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ٹرائل کورٹ پر درخواست کی وجہ سے کوئی پابندی نہیں، ٹرائل کورٹ پر پابندی تب ہوتی جب ہائیکورٹ کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیتی ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا بات درست ہے چیئرمین پی ٹی آئی سزا نہیں کاٹ رہے، ایک اور انڈر ٹرائل کیس میں حراست میں ہیں، اسلام آباد کے اندر ٹرائل قیدیوں کو اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جاتا ہے اگر اٹک سے اٹھا کر کوٹ لکھپت لے جاتے ہیں تو کیا ہر پیشی پر لایا جا سکتا ہے؟، کوٹ لکھپت سے تو 5، 6 گھنٹے کا سفر ہے، اٹک جیل سے اسلام آباد کا سفر کتنا ہے؟۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا اٹک سے اسلام آباد کا ڈیڑھ گھنٹے کا سفر ہے، چیف جسٹس نے کہا جس گاڑی میں لاتے ہیں اس میں 10، 15 منٹ زیادہ ہی لگتے ہوں گے، کیا سزا معطل ہونے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل رکھنے کا کوئی فیصلہ ہوا؟اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا ہدایات لےکر آگاہ کر سکتا ہوں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ابھی بھی تمام انڈرٹرائل قیدی اڈیالہ جیل ہی سے لائے جاتے ہیں، میں درخواست پر آرڈر جاری کروں گا، سائفر کیس میں تو وہ انڈر ٹرائل ملزم ہیں، کیا دوران ٹرائل بھی جیل تبدیل ہوسکتی ہے، ٹرائل تو اسلام آباد میں ہونا ہے،پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا ٹرائل کورٹ میں بھی اسی نوعیت کی درخواست زیرسماعت ہے،چیف جسٹس نے کہا ٹرائل کورٹ درخواست پر فیصلہ کرے، ہائیکورٹ نے تو نہیں روکا، ٹرائل کورٹ فیصلہ کر دے تو ہائیکورٹ میں درخواست غیرموثر ہو جائے گی، ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے جو متاثرہ فریق ہوا اپیل کر لے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزا معطلی کے باوجود عمران خان کو جیل میں رکھنے کے فیصلے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
عمران کو رات کو نیند نہیں آتی، چھت سے پانی گرتا ،مکھیاں بھی ہیں، وکیل
















