نیب ترامیم کا سب سے زیادہ فائدہ شہباز شریف کو ہوا، انوار الحق کاکڑ بھی مستفید

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے 53 سماعتوں کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان کی نیب قانون میں ترمیم کو چیلنج کرنے والی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ فیصلے کے ملکی سیاست پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت ان ترامیم سے مستفید ہو رہی ہے۔

سیاسی رہنماوں کی مالی دیانتداری کے بارے میں چیف جسٹس بندیال کی تسلسل سے ایک رائے رہی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنے پورے کیریئر میں اس حوالے سے کئی فیصلے دئیے۔حال ہی میں انہوں نے ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ 2023 کو ختم کر دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا تو سیاسی رہنماوں کیخلاف مقدمات دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔ یہ حریف سیاسی جماعتوں کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کے کرپشن کے بیانئے کی بھی فتح ہوگی۔

یہ دلچسپ ہوگا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال پارلیمان کی قانون سازی کی اہلیت کی توثیق کریں گے یا ان طاقتور حلقوں کو مضبوط کریں گے جنہوں نے مشرف دور سے لیکر ہمیشہ نیب کو سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا۔